ترکیہ ،پاکستان محبت اور اخوت کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں :سردار ایاز صادق

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ملک مذہب، تاریخ ، اخوت اور بھائی چارے کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، ترکیہ مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ ہفتہ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے ملاقات کی۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے سردار ایاز صادق کو سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ترکیہ کے سفیر نے سپیکر سردار ایاز صادق کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سپیکر نے ترکیہ کے سفیر کا نیک خواہشات کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناءسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یوم پاکستان پر مسلح افواج کو شاندار پریڈ کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج بھرپور صلاحیتوں کی مالک ہے،پاکستانی فوج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے،پاکستان کی مسلح افواج غیر متزلزل جذبے کی حامل افواج ہے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ ہمیں اپنی افواج کی بھرپور صلاحیتوں پر فخر ہے،مسلح افواج نے ہمیشہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے،ملک کی طرف جب بھی کسی دشمن نے میلی آنکھ سے دیکھا ہے ہماری افواج نے اس کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ مسلح افواج نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں بے مثال قربانیاں دی ہیں،افواج پاکستان ہر مشکل گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہتی ہے، زلزلے ہو یا طوفان پاک فوج ہمیشہ قوم کی مشکل میں سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی رہتی ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ افواج پاکستان اس وقت دہشت گردی جیسے ناسور سے نبرد آزما ہے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔