برسلز:(مشرق نیوز) وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کثیر جہتی مالیاتی اداروں کو نیوکلیئر فنانسنگ کرنی چاہیے، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے متبادل توانائی کے ذرائع وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
اپنے ویڈیو پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا برسلز میں جوہری توانائی سمٹ ومختلف آئیڈیاز خوش آئند ہیں،پاکستان میں نیوکلیئر انرجی کے 3 ہزار 500 میگاواٹ سے زائد کے منصوبے انسٹال ہوچکے ،چین کی مدد سے چشمہ فائیو نیوکلیئر پاور پراجیکٹ لگانے جارہے ہیں، پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔
وزیر خارجہ نے کہاپاکستان کو گزشتہ سالوں میں آنےوالے سیلابوں سے بے پناہ نقصان ہوا، ہائیڈرو پاور کے بعد سب سے زیادہ اہمیت جوہری توانائی کی ہے، جوہری توانائی محفوظ و معاشی لحاظ سے بہتر ہے،کثیرجہتی مالیاتی اداروں کو نیوکلیئر فنانسنگ کرنی چاہیے،مالیاتی اداروں کی مدد سے ترقی پذیر ممالک کو بھی توانائی سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملنا چاہیے۔
دریں اثنا اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات کے توانائی و انفرسٹرکچر وزیر سہیل بن محمد المزروعی سے ملاقات کی اورقابل تجدید توانائی ،ٹرانسپورٹ شعبوں میں تجارت و سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیر خارجہ نے یقین کا اظہار کیا پاکستان متحدہ عرب امارات جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے (سی ای پی اے)کے نتیجے میں دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید فروغ ملے گا،اماراتی وزیر نے کہامتحدہ عرب امارات پاکستان کی ترقی میں شراکت دار رہے گا۔
کثیر جہتی مالیاتی اداروں کو نیوکلیئر فنانسنگ کرنی چاہیے،اسحاق ڈار



















