مزاحمتی گروپ آزاد،ہمیں موردالزام نہ ٹھہرایا جائے: ایران

تہران (مشرق نیوز) ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے کہاہے امریکہ کا شرقِ اوسط میں ہر امریکہ مخالف کارروائی کا الزام ایران پر لگانا غلط ہے اور یہ کہ خطے میں تہران کے حمایت یافتہ مزاحمت کار خود مختاری سے کام کرتے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق تہران کے حمایت یافتہ علاقائی مزاحمت کار گروپوں کے نیٹ ورک میں فلسطینی گروپ حماس، لبنان کی حزب اللہ، عراق اور شام میں مختلف ملیشیا اور یمن میں حوثی شامل ہیں جن کا حوالہ دیتے ہوئے خامنہ ای نے کہاکہ یقینا ہم مزاحمت کا دفاع کرتے ہیں۔ ہم مزاحمتی گروپوں کی حتی الامکان حمایت کرتے ہیں۔ایران کے اعلی ترین رہنما نے ایرانی نوروز کے موقع پر براہ راست نشریات کے دوران مزید کہا لیکن یہ گروپ آزادانہ طور پر فیصلہ اور عمل کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جب بھی یمن، عراق، شام، لبنان یا خطے کے دیگر علاقوں میں بہادر مزاحمتی قوتیں کوئی کارروائی کرتی ہیں تو امریکی اپنے حساب سے اس کا ذمہ دار ایران کو قرار دیتے ہیں۔ یہ غلط حساب کتاب یقینا امریکہ کو گھٹنوں پر لے آئے گا۔خامنہ ای نے کہاکہ ایران کے حمایت یافتہ گروپوں کے دبا کی وجہ سے امریکی فوجیوں کے پاس خطے سے انخلا کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری جنگ نے "مزاحمتی محاذ" کی اہمیت کو نمایاں کیا ہے اور انہوں نے اس محاذ کی مسلسل مضبوطی کی وکالت کی۔خامنہ ای نے اسرائیل کے خلاف لڑنے والے کسی بھی فریق کی ایران کی طرف سے حمایت کا وعدہ بھی کیا۔سات اکتوبر کو اسرائیل پر فلسطینی گروپ کے حملے کے بعد اسرائیل-حماس جنگ شروع ہو گئی جس کے بعد سے شرق اوسط میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے والے ایران نے سات اکتوبر کے حملے کی تعریف کی جبکہ اس کی منصوبہ بندی یا اس پر عملدرآمد میں کسی بھی طرح سے ملوث ہونے سے انکار کر دیا تھا۔