پنجاب ،گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈاﺅن، 3288 افرادگرفتار، 1181 مقدمات

لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرصوبہ میں گراں فروشوں کیخلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے اوررمضان المبارک کے پہلے ہفتے میں گرانفروشی پر3288 افراد کوگرفتار اور 1181 مقدمات درج کئے گئے۔ پرائس مجسٹریٹس نے چار لاکھ 35ہزار مقامات کی انسپکشنز کیں اورخلاف ورزیوں پر 4 کروڑ سے زائد کے جرمانے عائد کئے۔گر انفروشوںکے خلاف کارروائیوں سے متعلق رپورٹ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت اجلاس میں پیش کی گئی۔اجلاس میں رمضان پیکیج کے تحت راشن بیگز کی فراہمی اور پرائس کنٹرو ل اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔صنعت، زراعت کے محکموں کے سیکرٹریز، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ، چیئرمین پی آئی ٹی بی اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری،تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔چیف سیکرٹری نے حکم دیا کہ نا جائز منافع خوروں کیخلاف جاری کریک ڈاﺅن تیز تر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی افسران نرخناموں پر عملدرآمد یقینی بنائیں،اشیاءکی مقررہ سے زائد نرخوں پر فروخت کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل برانچ کی نشاندہی پر خصوصی انسپکشنز کی جائیں، پرائس مجسٹریٹس فیلڈ میں پوری طرح متحرک رہیں اورگر انفروشی پر سخت کارروائی عمل میں لائیں۔ چیف سیکرٹری نے گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، سرگودھا، میانوالی میں مستحق افراد کو راشن بیگز کی فراہمی تیز کرنے سے متعلق ہدایات بھی جاری کیں اور کہا کہ مستحق افراد کو انکا حق جلد از جلد انکی دہلیز تک پہنچایا جائے ۔صنعت اور زراعت کے محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ نگہبان رمضان پیکیج کے تحت 38لاکھ راشن بیگز مستحق افراد تک پہنچا دیئے گئے ہیں۔گزشتہ روزایک لاکھ13ہزار صارفین رمضان بازاروں میں قائم ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس سے مستفید ہوئے۔ ان فیئر پرائس شاپس پر 13اشیاءپر روزانہ 2 کروڑ روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔