شہروں اور دیہات کی یکساں صفائی وزیراعلیٰ پنجاب کی بنیادی ترجیحات ہیں :سیکرٹری بلدیات

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب میاں شکیل احمد نے کہا ہے کہ شہروں اور دیہات کی یکساں صفائی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے وسائل کی کمی آڑے نہیں دی جائے گی۔ ساہیوال شہر میں جاری پسپ پروگرام کی تکمیل سے شہریوں کے سیوریج اور پانی کی فراہمی کے مسائل حل ہونگے جس سے شہریوں کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔ وہ یہاں کمشنر آفس میں پسپ پروگرام اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کے اداروں کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید، ڈپٹی کمشنر اکرام الحق، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف انجینئر پسپ محمد طاہر، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، چیف آفیسر ضلع کونسل محمد نواز اور سٹی منیجر پسپ محمد اسجد خان سمیت متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔ انہوں نے پسپ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور ان کی جلد تکمیل کی ہدایت کی۔ انہوں نے منصوبوں کی تکمیل میں کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ان کی نگرانی میں باقی ماندہ کام بھی معیاری تعمیر ہوگا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ میاں شکیل احمد نے کہا کہ حکومت شہروں کی صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہے تاکہ کوڑا کرکٹ کو بہتر طریقے سے ٹھکانے لگایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں روزانہ 57 ہزار میٹرک ٹن کوڑا پیدا ہو رہا ہے جس میں سے صرف 18ہزار میٹرک ٹن کوڑا ہی اٹھایا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے بریفنگ دیتے ہوئے سٹی مینجر پسپ محمد اسجد خان نے بتایا کہ پسپ منصوبے کے تھت 43ہزار پانی کے گھریلو کنکشنز میں سے34ہزار لگائے جا چکے ہیں جبکہ سیوریج لائن ڈالنے کے کام بھی 75فی صد مکمل کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محمد پور کے مقام پر ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کا کام بھی جلد شروع ہو جائے گا۔ بعدازاں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے پسپ کے جاری منصوبوں کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ بھی لیا اور ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کی ٹائم لائنز پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔