حافظ آباد گندگی کی نذر،شہری سراپا احتجاج

حافظ آباد:(قمر عباس)حافظ آباد کے محلہ خانپورہ میں علاقہ مکینوں کا گندگی وغلاظت اور گندے پانی کے کھڑے رہنے پرضلعی انتظامیہ اور کمیٹی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ۔ کسوکی روڈ پر ٹائروں کو آگ لگا کر ٹریفک بند کردی گئی۔مظاہرین نے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے ستھراپنجاب مہم کو سرخی پوڈر قراردے دیا۔

ایک طرف جب حافظ آباد میں ستھراپنجاب مہم شروع ہے تودوسری جانب محلہ خانپورہ کے مکینوں نے گذشتہ روز چرچ روڈ، مبارک کالونی، حسن ٹاون اور محلہ خانپورہ میں کھڑے گندے پانی اور صفائی ستھرائی نہ کئے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور افسران کے خلاف سخت نعرہ بازی کرتے ہوئے کسوکی روڈ پر ٹائروں کو آگ لگاکر ٹریفک کو بھی بلاک کئے رکھا۔ جس پر پولیس افسران نے وہاں پر پہنچ کر ممتاز عالم دین علامہ عطا محمدی اور سابق ایم پی اے ملک محمد وزیر اعوان کو صفائی ستھرائی کروانے کی یقین دہانی کروائی تو مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ حافظ آباد شہر میں اب بھی بے شمار علاقہ جات جوہڑ نمابستیوں کے مناظر پیش کررہے ہیں جہاں پر صفائی ستھرائی نہ ہونے سے وہاں کے مکینوں کے حالت قابل رحم ہے۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر میں ستھرا پنجاب مہم کو سرخی پوڈر قراردے دیا ہے۔