اسلام آباد،پشاور ،چارسدہ:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف کابڑا اقدام،حکومتی اخراجات میں کمی کےلئے کمیٹی تشکیل دےدی ،کابینہ ڈویژن نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے 7 ممبران پر مشتمل کمیٹی سرکاری اخراجات میں کمی لانے کےلئے عملی منصوبہ اور رپورٹ ایک ہفتے کے اندر وزیراعظم کے سامنے پیش کرے گی،کمیٹی چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کے ہوں گے تاہم ممبران میں سیکرٹری کابینہ ، سیکرٹری فنانس ڈویژن، سیکرٹری راشد محمود لنگڑیال بھی شامل ہیں،ڈاکٹر قیصر بنگالی، فرخ سلیم، نوید افتخار ممبران ہوں گے، کمیٹی اخراجات میں کمی لانے کےلئے ٹرمز آف ریفرنس (ٹی آر اوز) طے اور فنانس ڈویژن کی قومی کفایت شعاری رپورٹ کا جائزہ لے گی،نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیاکمیٹی کا مقصد ادارہ جاتی اصلاحات ،وفاقی حکومت کا حجم کم کرنا ہوگا، کمیٹی حکمت عملی طے کرکے عملدر آمد کا منصوبہ تشکیل،اخراجات کم کرنے کےلئے پنشن سکیم، پی ایس ڈی پی یا دوسری تجاویز بھی دے گی،کمیٹی ضرورت پڑنے پر سرکاری یا نجی شعبے کے کسی بھی شخص کی مدد لے سکے گی۔
دریں اثناوزیراعظم شہبازشریف نے اسلام آباد میں مختلف یوٹیلیٹی سٹورزکادورہ کیا، مستحقین سے ملاقات کی اور مشکلات و درپیش مسائل کا دریافت کیا، وزیراعظم نے ہدایت کی رمضان پیکیج کے حصول کےلئے آنے والے مستحقین کو کسی مشکل کاسامنا نہ کرنا پڑے، 300 یوٹیلیٹی سٹورز کے علاوہ 1200 موبائل یونٹس کے ذریعے بھی کروڑوں مستحقین کو رمضان ریلیف پیکیج کی فراہمی جاری ہے۔
شہبازشریف نے کہامستحقین کے کوائف موجود ہوں تو بلاتاخیر اشیائے ضروریہ ارزا ں نرخوں پر پہنچ جاتی ہیں،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رواں سال امدا د کی رقم بڑھا کر 10ہزار روپے کر دی ،بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے لاکھوں گھرانوں کو کفالت پروگرام کے تحت2 ہزاراضافی فراہم کئے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے یقین دلایا یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے فراہم کی جانےوالے اشیاکے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائےگا، کہیں کوئی غیر معیاری اور ناقص اشیاکی شکایت ملی تو سخت کارروائی کی جائے گی،وفاقی حکومت متعلقہ اداروں ، وزرا کی مشترکہ کوششوں سے رمضان ریلیف پیکیج کی فراہمی یقینی بنائےگی۔
شہبازشریف نے کہا3کروڑ 96 لاکھ خاندانوں کو بی آئی ایس پی کے تحت سہ ماہی وظیفہ دیا جائےگا،دورے کے دوران دیکھ کر خوشی ہوئی رمضان ریلیف پیکیج کی تقسیم کا عمل بہترین طریقے سے جاری ہے، حکومت رمضان میں 12ارب سے عام آدمی کو ریلیف فراہم کرے گی،دعا ہے رمضان المبارک کی برکت سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کا دور دورہ اور مہنگائی و عوامی مشکلات کا خاتمہ ہو،مقصد کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔
علاوہ ازیںوزیراعظم شہباز شریف عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کےلئے رہائش گاہ پہنچنے اور اظہار تعزیت ،فاتحہ خوانی کی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر آئی ٹی پارک کے قیام پر عملدرآمد شروع ہو گیا، آئی ٹی پارک اسلام آباد کے جی ٹین سیکٹر میں بنایا جائے گا،سی ڈی اے بورڈ نے اسلام آباد کے سیکٹر G-10 میں 3.3 ایکڑ رقبے پر آئی ٹی پارک بنانے کی منظوری دےدی، آئی ٹی پارک کیلئے پلاٹ بھی مختص کر دیا گیا۔
اسلام آباد آئی ٹی پارک پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت قائم کیا جائیگا، پارک کا کورڈ ایریا ایک لاکھ سکوائر فٹ پر محیط ہوگا، پارک میں 5 سے 6 ہزار فری لانسرز کام کر سکیں گے،فری لانسرز، سٹارٹ اپس کیلئے ورکنگ سپیس، سافٹ ویئر ہاو¿سز، لائبریری، آئی ٹی مصنوعات کی نمائش کیلئے جگہ سمیت ریسرچ سینٹرز، کانفرنس ہالز، میٹنگ رومز کےلئے جگہ بھی مختص کی جائیگی،آئی ٹی پارک بنانے کے تمام اخراجات نجی کمپنیاں برداشت کریں گی، 15 سال بعد پارک مکمل طور پر سی ڈی اے کے حوالے بھی ہو جائے گا، پارک میں نجی کمپنیاں جگہ کرائے پر لےکر آئی ٹی دفاتر بنا سکیں گی۔
وزیراعظم کابڑا اقدام،حکومتی اخراجات میں کمی کےلئے کمیٹی قائم کردی



















