مخصوص نشستیں، ایسا لگتا ہے جیسے مال غنیمت تقسیم ہوا: پشاور ہائیکورٹ

پشاور (مشرق نیوز) مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران پشاور ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے ہیں کہ ایسا لگتا ہے جیسے مال غنیمت تقسیم ہوا ہو۔ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے مخصوص نشستوں کیلئے دائر درخواست پر سماعت پشاور ہائیکورٹ میں جسٹس اشتیاق ابراہیم کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے کی جس میں جسٹس اعجاز انور، جسٹس ایس ایم عتیق شاہ، جسٹس شکیل احمد اور جسٹس سید ارشد علی شامل ہیں۔

سماعت کے موقع پر اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل، الیکشن کمیشن کے وکیل، درخواست گزار وکیل اور دیگر فریقین کے وکلا، پیپلز پارٹی کے نیر بخاری، فیصل کریم کنڈی اور ایچ فاروق نائیک بھی عدالت میں موجود تھے۔

وکیل درخواست گزار قاضی انور ایڈووکیٹ نے اپنے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی نشان کے حوالے سے پشاور ہائیکورٹ نے فیصلہ دیا اور سپریم کورٹ نے اس فیصلے کو کالعدم قرار دیا۔ جب سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا تو ہم سے نشان واپس لیا گیا اور سارے پی ٹی آئی کے امیدوار آزاد تصور ہوئے۔ الیکشن میں کامیابی کے بعد آزاد امیدوار جیت گئے تو نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد ایک پارٹی کو جوائن کرنا ہے۔ آزاد امیدواروں نے سنی اتحاد کونسل کو جوائن کیا۔

جسٹس اشتیاق ابراہیم نے استفسار کیا کہ کیا سنی اتحاد کونسل کا کوئی امیدوار الیکشن میں کامیاب ہوا، جس پر وکیل نے جواب دیا کہ سنی اتحاد کونسل کا کوئی امیدوار کامیاب نہیں ہوا۔ جسٹس سید ارشد علی نے ریمارکس دئیے کہ ان کا جو چیئرمین ہے اس نے تو خود آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا اور کامیاب ہوئے ہیں۔