وزیراعلیٰ مریم نواز نے ارفع کریم ٹاور 2 ،فری وائی پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری دےدی

لاہور:( خبر نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے لاہور میں ارفع کریم ٹاور 2کی منظوری دےدی،مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سی ای او سی بی ڈی عمران امین نے آئی ٹی سٹی، لاہور نالج پارک پراجیکٹ پربریفنگ دی،وزیراعلیٰ نے لاہور میں 21منزلہ ارفع کریم ٹاور ٹو بنانے کی اصولی منظوری دےدی، آئی ٹی، ایجوکیشن ،فلم سٹی پراجیکٹ کا آغاز جلد ہوگا، مائیکروسافٹ،اوریکل و دیگر بڑی کمپنیوں نے آئی ٹی سٹی لاہور کیلئے آمادگی ظاہر کر دی۔

مریم نواز نے چین کی بڑی آئی ٹی کمپنیوں کو آفس بنانے کیلئے مدعو کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہادنیا بھر سے بہترین آئی ٹی کمپنیوں کو آئی ٹی سٹی میں بزنس کے مواقع فراہم کریں گے، پنجاب سمیت پاکستان بھر کے طلبہ کےلئے دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کے کیمپس بنائیں گے،اجلاس کے دوران لاہور میں فری وائی پائلٹ پراجیکٹ کی بھی منظوری دی گئی،516مقامات پر فری وائی فائی پوائنٹس بنائے جائیں گے۔

دریں اثناوزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبائی سٹینڈنگ کمیٹی برائے امن و امان کی منظوری دیدی،کمیٹی میں صوبائی وزیر داخلہ و جیل خانہ جات، وزیر کوآپریٹوز، وزیر تحفظ ماحول، وزیر ٹرانسپورٹ ممبر ہوں گے،کمیٹی سی آر پی سی 1898کے سیکشن 14کے تحت صوبے کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو اختیارات تفویض کرسکے گی، سیکشن 196کے تحت مقدمات کے چالان عدالتوں میں پیش ہونے کے بعد ٹرائل کی منظوری دینے کا بھی اختیار ہوگا۔

علاوہ ازیںوزیراعلیٰ مریم نواز آفس سے واپسی پر اچانک جوہر ٹاﺅن ماڈل بازار پہنچ گئیں،سٹالز کا معائنہ کیا اور پھلوں ،سبزیوں کے نرخ دیکھے،خواتین خریدارزیادہ نرخ کی شکایت کرتی نظر آئیں،مریم نواز نے خریداری کےلئے آنے والی خواتین سے ہاتھ ملایا اور بچیوں کو پیار کیا،علاوہ ازیںمریم نواز سے پاکستان میں امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے ملاقات کر کے پہلی خاتون وزیراعلیٰ بننے پرمبارکباد دی،ملاقات میں پنجاب ،امریکہ کے درمیان اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا