استقبال رمضان، پولٹری مافیا عوام کا گوشت نوچنے کو تیار، نرخ ایک ہزار روپے کلو لے جانے پر اتفاق

لاہور (رپورٹ: نعیم جاوید ) رمضان المبارک میں جہاں دیگر اشیاءخورد نوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے، وہاں پولٹری مافیا کی طرف سے بھی مرغی کا گوشت رمضان المبارک میں 700 سے 1000 روپے کلو تک رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے صدر میجر(ر) جاوید حسین بخاری، لاہور پولٹری ایسوسی ایشن کے صدر طارق جاوید، شیرانوالہ کے صدر حاجی فریاد اور جنرل سیکرٹری غفور فوجی نے رمضان المبارک میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں مزید اضافے پر اتفاق کیا ہے۔ ٹولنٹن مارکیٹ یونین کے عہدیدار سلیم بھٹہ نے بتایا کہ صدر طارق جاوید نے یونین کیلئے مختص دفتر فروخت کر کے چوہان روڈ پر مرغی کے گوشت کی دکان کھول لی ہے جہاں بیمار اور مردہ مرغیوں کا گوشت فروخت کیا جاتا ہے۔ جب کوئی ادارہ آ کر پوچھتا ہے تو طارق جاوید کہتے ہیں کہ میں لاہور پریس کلب کے سابق صدر کا کزن ہوں، اسی طرح مافیا کے باقی لوگ بھی دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹ رہے ہیں۔ شیرانوالہ گیٹ کے حاجی فریاد کے بیٹوں نے کرکٹ جوئے کی بک ایسوسی ایشن کے دفتر میں کھولی ہوئی ہے اسلئے عوام کیلئے مرغی کا سستا گوشت خواب بن چکا ہے۔ اس سلسلے میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز بھی صوبائی دارالحکومت لاہور میں برائلر مرغی کا گوشت بلند ترین قیمت میں فروخت ہوا۔ اس سلسلے میں روزنامہ ”مشرق“ نے لاہور پولٹری ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عابد غفور فوجی سے بات ہوئی تو انہوں نے کہا کہ پہلے ریٹ منڈیوں سے نکلتا تھا مگر اب اوکاڑہ میں بیٹھے ہوئے چند فارمر ریٹ نکالتے ہیں۔ اس پولٹری مافیا جس میں رانا صابر، حاجی رفیع، ڈاکٹر اسامہ اور رضا خورشید شامل ہیں، ان چند افراد نے پوری پولٹری انڈسٹری کو یرغمال بنایا ہوا ہے اور انکو پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے نام نہاد صدر میجر (ر) جاوید حسین بخاری کا آشیر باد حاصل ہے۔ ان چند افراد کو عوام ہول سیلر اور دکانداروں کی کوئی پروا نہیں ہے۔ یہ لوگ دن رات پیسہ بنانے میں لگے ہوئے ہیں۔ حکومت بھی ان کے خلاف ایکشن نہیں لے رہی عابد غفور فوجی نے کہا کہ ہم ہول سیلر اور دکانداروں کا شدید نقصان ہو رہا ہے ۔