سرگودھا میں جشن بہاراں اور فلورا فیسٹیول

سرگودھا:(ڈسٹرکٹ رپورٹر)پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی سرگودھا کے ڈی جی توقیر حیدر کاظمی نے کہا ہے کہ سرگودھا میں جشن بہاراں اور فلورا فیسٹیول کے انعقاد اور موسم بہاراں شجر کاری مہم کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے اہداف کے حصول کو ممکن بنایا جائے گا جس میں کسی غفلت یا کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گاجبکہ سرگودھا کو سر سبز و شاداب بنا کر آئندہ نسلوں کا مستقبل محفوظ بنانا اور انہیں خوشگوار و صحت افزا ماحول کی فراہمی اولین ترجیحات ہیں۔

پی ایچ اے کے جشن بہاراں اور شجرکاری مہم کے لئے منعقدہ اجلاس میں پارکس، گرین بیلٹس اور گرین ایریاز میں جاری معمول کے اقدامات اور ترقیاتی منصوبہ جات پر کام کی رفتار اور کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ڈی جی توقیر حیدر کاظمی نے سٹاف کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کا حکم دیا اور کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے عفریت سے نجات دلاتے ہوئے سرگودھا کو گرین سٹی میں تبدیل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے جس کے معیار پر سمجھوتہ ممکن نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا کو پنجاب بھر میں ماڈل سٹی بنانے کے لئے باقاعدہ اہداف مقرر کرتے ہوئے کام کیا جا رہا ہے جو حقیقی تبدیلی اور نتائج کے حصول تک جاری رہے گا۔