قصور: میونسپل کمیٹی کی نااہلی، غلہ منڈی میں گندے پانی کے تالاب بن گئے

قصور :(مہر حسین حسین)میونسپل کمیٹی کی نااہلی کے باعث غلہ منڈی میں گندے پانی کے تالاب بن گئے۔ گٹروں سے سیوریج کاگندا پانی ابل کر فروخت کیلئے آنے والی زرعی اجناس میں شامل ہو کر مالی نقصان کا باعث بن رہا ہے، غلہ منڈی کے آڑھتیوں اور کمیشن ایجنٹوں نے احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قصور اور سی او میونسپل کمیٹی قصور سے مطالبہ کیا ہے کہ غلہ منڈی میں سیوریج کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ ذہنی کوفت اور مالی نقصان سے بچ سکیں۔

میونسپل کمیٹی کی نااہلی اور نالوں و گٹروں کی صفائی نہ ہونے کے باعث غلہ منڈی میں جگہ جگہ سیوریج گٹر ابل پڑے جو تالاب کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ بدبو اور تعفن سمیت سیوریج کا گندا پانی مکھیوں اور مچھروں کی افزائش کا باعث بننے کے علاوہ فروخت کیلئے آنے والی زرعی اجناس کی تباہی کا بھی باعث بن رہا ہے ۔غلہ منڈی کے آڑھتیوں اور کمیشن ایجنٹس بارہا مرتبہ میونسپل کمیٹی قصور سے اس بابت شکایات کر چکے ہیں مگر ان شکایات پر آج تک کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں ہوسکی ہے ۔

آڑھتیوں اور کمیشن ایجنٹس کا کہنا ہے کہ ہم اہلیان غلہ منڈی حکومت کو مختلف مدوں میں لاکھوں روپے ماہانہ ٹیکس دیتے ہیں مگر افسوس کہ ہمیں بنیادی سہولت صفائی و ستھرائی سے بھی محروم رکھا گیا ہے اور سیوریج کے گندے پانی کے باعث ہماری لاکھوں روپے کی زرعی اجناس بھی تباہ ہو رہی ہیں۔ڈپٹی کمشنر قصور اور میونسپل کمیٹی قصورکے ذمہ داران فوری نوٹس لیں اور غلہ منڈی قصور میں سیوریج اور صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنائیں بصورت دیگر ہم بھرپور احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔