حافظ آباد:وزیراعلیٰ کی ”ستھرا پنجاب “مہم ناکام، شہر گندگی کی نذر

حافظ آباد:(قمر عباس) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر ”ستھرا پنجاب “ مہم حافظ آباد میں صرف ایک تصویری مہم بن کر رہ گئی۔

ڈپٹی کمشنر سندس ارشاد کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر کی صفائی ستھرائی کی مہم کوچند علاقوں تک مخصوص کرکے تصویری مہم چلا کر حکومتی احکامات کو ہوا میں اڑا دیا گیا۔شہر بھر کے مختلف علاقوں میں گندگی کے ڈھیر تعفن کا باعث بننے لگے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ”ستھرا پنجاب“ مہم کو فعال بنانے کی ہدایت کی توضلعی انتظامیہ نے شہر کے چند علاقوں کی صفائی ستھرائی کے لیے مشنری اور عملہ لگا کر مہم کو کامیاب دکھانے کے لیے سوشل میڈیا پر اپنی نام نہاد سرگرمی کی تصاویر لگا کر مہم کی کامیابی کا خود ساختہ اعلان کر دیا جبکہ باقی شہرکے مختلف علاقوں میں گندگی کے ڈھیر جوں کے توں نظر آرہے ہیں۔ حافظ آباد کے علاقے گڑھی اعوان، محلہ شیر پورہ، ساگر روڈ،بہاولپورہ شرقی، بہاولپورہ غربی، محلہ مصری خاں، محلہ ڈہاب والہ، محلہ میاں دا کوٹ، علی پور روڈ، گوجرانوالہ روڈسمیت دیگر علاقوں میں عرصہ دراز سے گندگی کے ڈھیر تعفن پھیلا رہے ہیں، لیکن ضلعی انتظامیہ/میونسپل کمیٹی کی جانب سے اس گندگی کو ا±ٹھانے کے حوالے سے کوئی بھی عملی اقدامات نظر نہیں آتے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ حافظ آباد کے بیشتر علاقوں میں سیوریج کے پائپ اور نالیا ں ٹوٹ چکی ہیں جن سے پانی باہر گلیوں اور بازاروں میں جمع ہو جاتا ہے۔گندے پانی پر مچھروں کی افزائش کی وجہ سے لوگ مختلف مہلک بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں گندا پانی جمع ہونے کی وجہ سے نمازی مساجد میں جانے سے قاصر ہیں۔کھلے مین ہولز کی وجہ سے کئی ایک حادثات بھی رونما ہو چکے ہیں۔ارباب اختیار کو کئی بار درخواستیں دینے کے باوجود کہیں بھی ہماری شنوائی نہ ہو رہی ہے۔حافظ آباد اور اس ملحقہ علاقوں میں گذشتہ روز ہونے والی بارش کی وجہ سے گندگی سے تعفن پھوٹ رہا ہے جس سے عوام میں ڈینگی، ڈائریا، پولیواور خسرہ جیسی بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ ہے۔اندیشہ ہے کہ شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر مختلف وبائی امراض کی صورت اختیارکرسکتے ہیں۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ ”ستھرا پنجاب“ مہم کے ساتھ مذاق کرنے والے ضلعی انتظامیہ کے ارباب اختیارخصوصاً ڈپٹی کمشنر سندس ارشاد کو متحرک ہونے کی ہدایت کی جائے اور حافظ آباد شہر کی صفائی ستھرائی کے لیے تصویری مہم کی بجائے عملی اقدامات کو ترجیح دی جائے۔