لاہور(اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب بھر میں تقرر اور تبادلوں پر پابندی لگادی،سیکرٹر ی اسمبلی کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب بھر میں تقرر اور تبادلوں پر پابندی لگادی ہے،علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں انہوں نے پنجاب کی آبادی کا مربوط اور مستند ڈیٹا مرتب کرنے کا حکم دیا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ملک کی تاریخ میں پنجاب کا پہلا مستند ڈیٹا بیس ہب اور ڈیٹا بیس اتھارٹی بنے گی، پنجاب کے پہلے ڈیٹا بیس کی تشکیل سے معاشی پالیسی سازی میں مدد ملے گی دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں دکانوں کے باہر رکھا سامان ہٹانے کیلئے انتظامیہ کو ایک ماہ کی مہلت دےدی،شہریوں کی شکایت پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انتظامیہ کو ہدایت کی راستوں اور بازاروں میں ٹریفک کی بندش اور رکاوٹوں کو دور کیا جائے، دکاندار سامان اپنی دکانوں کی حدوں میں رکھیں، یقینی بنائیں ریڑھی بان متعین جگہوں پر ٹھیلے لگائیں تاکہ شہریوں کے ساتھ دکانداروں اور ریڑھی بانوں کو تکلیف نہ ہو مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے رمضان پیکیج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا رمضان پیکیج میں دیئے گئے سامان کی اچھی طرح سے چیکنگ ہو گی، جنہوں نے ہمارے خلاف ووٹ دیئے ہم ان کو بھی پیکیج دے رہے ہیں، سب کو بلا تفریق رمضان پیکیج ملے گا، اگر کسی جگہ بیسن یا کسی چیز میں مسئلہ نظر آتا ہے تو اسے چیک کیا جائے، ہماری حکومت میرٹ اورشفافیت پریقین رکھتی ہے، رمضان پیکیج مستحق لوگوں میں تقسیم کیا جائےگا،مر یم نواز نے کہا صفائی کے انتظامات پرخصوصی توجہ دی جائے، ایک ماہ میں مجھے پورا پنجاب صاف چاہیے، تمام اضلاع کا سرپرائزوزٹ کروں گی،دریں اثناءوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے برطانوی ہائی کمشنر جین میری ایٹ نے ملاقات کی اور انہیں پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بننے پر مبارکباد پیش کی اور نیک تمناو¿ں کا اظہار کیا جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سرگودھا میں ملازمہ پر مبینہ تشدد کے بعد قتل کے واقعہ کی انسپکٹر جنرل پولیس سے فورا ًرپورٹ طلب کر لی ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کینال روڈ پر ڈور پھرنے سے موٹر سائیکل سوار کے زخمی ہونے کا واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کرلی۔
پنجاب میں تقرر و تبادلوں پر پابندی،لاہور کو تجاوزات سے پاک کرنے کیلئے ایک ماہ کی مہلت ، مخالفین کو بھی رمضان پیکیج دینگے:مریم نواز



















