الیکشن نتائج ریاضی کے فارمولوں پر مرتب کئے گئے، سراج الحق

لاہور :(اپنے نمائندے سے) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے الیکشن سلیکشن کا نام ہے تو قوم سے مذاق کیوں کیا گیا،نتائج ووٹوں کی گنتی پر نہیں ریاضی کے فارمولوں پر مرتب کئے گئے۔

منصورہ میں ذمہ داروں سے گفتگو کرتے سراج الحق نے کہا جمہوریت پر یقین رکھنے والی سیاسی جماعتوں کو فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہو گا،دھاندلی کو ایکسپوز کرنے کےلئے تمام آئینی و جمہوری راستے اختیار کریں گے، الیکشن میں مسئلہ جیت ہار کا نہیں حق دار کے حق کا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا دھاندلی کے نتیجے میں بننے والی حکومت کبھی بھی عوامی مسائل حل نہیں کرسکے گی ، اداروں نے قوم کے اعتماد کو مجروح کیا، دائروں میں سفر سے استحکام، امن و ترقی حاصل نہیں ہوگی، کرپشن زدہ لوگوں کو ایوانوں میں پہنچانے کاسلسلہ جاری رہا تو خدانخواستہ ملک مزید سانحات کا شکار ہوسکتا ہے۔