پاکستان کیلئے قرض پروگرام ناگزیر ورنہ ڈیفالٹ کے خطرات بڑھ جائینگے،موڈیز

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پاکستان کیلئے قرض پروگرام ناگزیر ہے ورنہ ڈیفالٹ کے خطرات بڑھ جائیں گے،موڈیز نے خبر دار کردیا۔

بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے تازہ ترین جائزہ رپورٹ میں کہا ہے پاکستان کیلئے نیا آئی ایم ایف پروگرام ناگزیر ہے ،کمزور مینڈیٹ والی مخلوط حکومت کو نیا آئی ایم ایف معاہدہ کرنے میں دشواری ہوگی، نیا قرض نہ ملاتو مسائل حل نہیں ہوں گے۔

موڈیز نے جائزے میں پاکستان کی ریٹنگ سی اے اے 3 برقرار رکھتے ہوئے کہا اگر پاکستان کچھ اقدامات کر لے تو ریٹنگ بہتر ہوسکتی ہے ،جون میں رواں مالی سال ختم ہونے سے پہلے 6ارب ڈالر کی ادائیگیاں کرنی ہیں، بڑی ادائیگی اپریل میں متوقع ہے ،پاکستان جون 2024 تک اپنی بیرونی ادائیگیوں کے چیلنجز سے نمٹنے میں کامیاب رہے گا پھربڑی بیرونی فنانسنگ کی ضروریات پوری کرنے کےلئے کوئی امید نہیں۔

رپورٹ میں کہا گیااگر آئی ایم ایف اور دوسرے پارٹنرز سے نیا قرض حاصل کرنے میں تاخیر ہوئی تو ڈیفالٹ کے خطرات بڑھ جائیں گے، سوشل پریشر و گورننس میں کمزوریوں کے سبب بھی آئی ایم ایف کے تقاضے پورے کرنے کے چیلنجز بڑھ سکتے ہیں،موڈیز کے مطابق آئندہ مخلوط حکومت کا انتخابی مینڈیٹ نئے آئی ایم ایف پروگرام کےلئے درکار مشکل اصلاحات کو آگے بڑھانے کےلئے خاطرخواہ مضبوط نہیں ہوگا جب تک کسی نئے پروگرام پر اتفاق نہیں ہو جاتا، پاکستان کی دیگر دو طرفہ و کثیر جہتی شراکت داروں سے قرضے حاصل کرنے کی صلاحیت شدید طور پر محدود رہے گی۔