عارف علوی پر آئین توڑنے کے 2 مقدمات ہوں گے، بلاول بھٹو

اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے عارف علوی پر آئین توڑنے کے 2 مقدمات ہوں گے، مواخذے کی بجائے انتخابی عمل کے ذریعے عارف علوی کی جگہ دوسرا صدر لائیں گے، سیاستدان ایک دوسرے کی عزت نہیں کریں گے تو پھر کسی ادارے سے بھی امید نہ رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا عارف علوی پر ایک مقدمہ عدم اعتماد کے وقت اسمبلی توڑنے اور دوسرا مقدمہ آئین کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس نہ بلانے کا ہوگا، علوی آئین توڑتے ہوئے اپنا فرض نہیں نبھا رہے، وہ آئینی ذمہ داری پوری نہیں کرتے تو سپیکر پوری کردیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا آئین میں لکھا ہے ہر حال میں 29 فروری کو اسمبلی کا اجلاس بلانا ہے، آصف زرداری کی مفاہمتی عمل میں پی ٹی آئی شامل ہوگی، تاریخ کو درست کرنے کےلئے پہلا قدم بھٹو ریفرنس کا فیصلہ ہو گا، ایسا مضبوط فیصلہ دیا جائے جس سے فل سٹاپ لگایا جاسکے۔ پیپلز پارٹی کا موقف ہے ادارے آئین میں رہ کر کام کریں،بلاول بھٹو نے کہافیصلہ کرنا ہوگا، اپنے دائرے میں رہ کر سیاست کریں، ایک دوسرے کی عزت کرنا ہوگی ایسا ہی رہا تو اگلی تین نسلوں تک بھی یہی تماشا چلتا رہے گا۔

بلاول بھٹو نے کہا سیاستدان 9 مئی کو کسی ادارے پر حملہ کریں گے تو سیاسی دائرے میں نہیں رہ رہے، حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں تو کہہ سکتے تھے لاتعلقی کرتے ہیں، اگر ایسا کرتے تو کیا معاشی مسائل خودبخود حل ہوجاتے؟ سنی اتحاد کونسل والے ووٹ مانگنے نہیں آئے تو اعتراض کیسا، افسوس عوام نے مجھے وہ مینڈیٹ نہیں دیا، سب سے زیادہ غلطیاں اس شخص نے کیں جو اڈیالہ جیل میں ہے۔