اسمبلی اجلاس کب؟صدر،حکومت میں ٹھن گئی،وزیراعظم نے دوبارہ ایڈوائس بھیج دی

اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) اسمبلی اجلاس کب؟ صدر، حکومت میں ٹھن گئی، وفا ق نے سمری پر صدر مملکت عارف علوی کے اعتراضات کا جواب دیدیا۔

نگران وفاقی حکومت نے موقف اختیار کیا آرٹیکل 91 میں کہیں نہیں لکھا ایوان نامکمل ہو تو اجلاس نہیں بلایا جاسکتا، صدرکی صوابدید و استحقاق ہے ہی نہیں آرٹیکل 91 کے تحت اجلاس روک سکیں۔ صدر صرف آرٹیکل 54 کے تحت معمول کے اجلاس کو روک سکتے ہیں۔

ذرائع نگراں حکومت کے مطابق غیرمعمولی اجلاس آئینی تقاضا ہے، کہیں بھی نہیں لکھا مخصوص نشستیں نہ ہوں تو اجلاس نہیں ہوسکتا، فیصلے پر نظر ثانی کرکے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کریں، وفاقی حکومت نے کہاآرٹیکل 91 کی شق 2 کے تحت الیکشن کے 21 ویں دن اجلاس بلانا ضروری ہے، صدر نے 29 فروری کو اجلاس نہ بلایا تو بھی ہوگا۔

دریں اثنانگران وزیراعظم نے قومی اسمبلی کاافتتاحی سیشن بلانے کیلئے صدر کو دوبارہ ایڈوائس ارسال کردی اورقومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو اجلاس طلب کرنے کا اختیار بھی دےدیا۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے صدر مملکت عارف علوی کو بھجوائی گئی سفارشات میںکہا آئین کے تحت انتخابات کے 21 دن کے اندر اجلاس طلب کرنا آئینی ڈیڈ لائن ہے، آئین میں درج ڈیڈ لائن کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس بلائیں۔ علاوہ ازیں نگراں وزیر اعظم نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو آئینی ڈیڈ لائن گزرنے پر اجلاس بلانے کا اختیار دےدیا اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس بلانے کے متبادل انتظامات مکمل کرلئے۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس کا نوٹیفکیشن بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب جا ری کئے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) و اتحادی جماعتوں نے وفاق میں حکومت سازی کا مجوزہ شیڈول تیار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق معاملے پر اسحاق ڈار کے چیمبر میں اجلاس ہوا۔ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی کے رہنماوں اور سیکرٹریٹ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں حکومت سازی کے تمام مراحل مکمل کرنے کی منصوبہ بندی، اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج کیخلاف حکمت عملی طے کی گئی۔

مجوزہ شیڈول کے مطابق کل ہونےوالے اجلاس میں اراکین حلف اٹھائیں گے، سپیکر قومی اسمبلی پرویز اشرف حلف لیں گے۔ یکم مارچ کو سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے، 2 مارچ کو سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوگا۔ ذرائع کے مطابق 3 مارچ کو قائد ایوان کے انتخاب کےلئے کاغذات نامزدگی جمع کئے جائیں گے اور 4 مارچ کو قومی اسمبلی نئے وزیراعظم کا انتخاب ڈویژن کے ذریعے کریگی۔ نامزد وزیراعظم شہبازشریف کو دوسری بار وزیراعظم بننے کیلئے 169 ووٹ درکار ہیں اور مسلم لیگ (ن) اور اتحادیوں کو 200 سے زائد اراکین کی حمایت حاصل ہے۔