مراد علی شاہ مسلسل تیسری بار وزیر اعلیٰ سندھ نامزد ،بلاول بھٹو کی دھاندلی کیخلاف صف آراءجماعتوں کو مذاکرات کی دعوت
کراچی(بیورورپورٹ) پیپلز پارٹی نے سندھ کے وزیراعلیٰ، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کےلئے ناموں کا اعلان کردیا،پیپلز پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا سندھ کے عوام نے ہمیں نہ صرف کامیاب کرایا بلکہ ماضی سے بھی بہتر مینڈیٹ دیا، سندھ کے عوام کی ہم سے توقعات بڑھ گئی ہیں، چیئرمین پی پی نے کہا وزیراعلیٰ سندھ کےلئے مراد علی شاہ، سپیکر کےلئے اویس شاہ اور ڈپٹی سپیکر کےلئے نوید انتھونی کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے،پارٹی ذرائع کے مطابق مراد علی شاہ تیسری بار وزیراعلیٰ سندھ ہوں گے،پارٹی کے پارلیمانی اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کے نام کا اعلان کیا جائے گا مزید برآں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مفاہمتی سیاست کا اعلان کر دیا،چیئرمین پیپلز پارٹی نے مبینہ انتخابی دھاندلیوں کےخلاف صف آرا جماعتوں کو ڈائیلاگ کی دعوت دےدی، بلاول بھٹو زرداری نے قوم پرست جماعتوں جے یو آئی، جی ڈی اے کےساتھ مذاکرات کی ہدایت کر دی،بلاول بھٹو نے پیپلز پارٹی کی سیاسی کمیٹی اور نو منتخب پارلیمانی پارٹی کو اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کی ہدایت کر دی،بلاول بھٹو نے کہا تمام پارلیمانی جماعتوں اور صوبے کے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ڈائیلاگ کریں گے، پیپلز پارٹی کمیٹی تمام سٹیک ہولڈرز سے مفاہمتی سیاست کےلئے رابطے کرے گی۔



















