بہاولنگر: فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، 600کلو فنگس زدہ اچار،340لٹر آئل تلف

بہاولنگر:(افتخار احمد)بہاولنگر میں پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیم کی کامیاب کارروائیاں ،ڈائریکٹر آپریشنز ساوتھ کی سربراہی میں 2 بڑی پاپڑ فیکٹریوں پر چھاپے مارے۔

بچوں کی مرغوب غذا میں وسیع پیمانے پر کی جارہی جعلسازی اور ملاوٹ پکڑی گئی جبکہ 700 کلو تیار شدہ کنفیکشنری آئٹمز، 600 کلو فنگس زدہ اچار، 340 لٹر رینسڈ آئل تلف کردیا گیا،حفظان صحت اصولوں کی خلاف ورزیوں پر فوڈ فیکٹریوں کو ایک،ایک لاکھ روپے جرمانہ کیے گئے۔

فوڈ اتھارٹی ذرائع نے کہا کارروائیاں ہارون آباد روڈ اور عارف والا روڈ پر کی گئیں اور پاپڑ اور دیگر خوراک کی تیاری میں رینسڈ آئل کا استعمال کیا جارہا تھااور انسپکشن کے دوران بدبودار اچار اور حشرات زدہ خوراک کی بھاری مقدار پائی گئی،اسی طرح ورکزز کے میڈیکل سرٹیفکیٹس کی عدم موجودگی اور صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پائے گئے اور بھاری مقدار میں مضر صحت خوراک تیار کرکے مارکیٹ میں بیکریوں اور سپر سٹورز پر سپلائی کی جارہی تھیں۔