کچھ قوتیں ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیل رہی ہیں، ن لیگ اوکاڑہ

اوکاڑہ: (شہروز علی)مسلم لیگ ن کے راہنما چوہدری عثمان تنویر گجر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ کچھ قوتیں ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کی کوشش کررہی ہیں۔محب وطن قوتوں کو متحد ہو کر ملکی استحکام کے لئے فیصلے کرنا ہوں گے۔حکومت سازی کے عمل کے دوران کمشنر راولپنڈی کی پریس کانفرنس ملک میں انتشار پھیلانے کا شاخسانہ لگتاہے سنگین الزامات کی اعلی سطحی انکوائری ہونا چاہئیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

چوہدری عثمان تنویر گجر ایڈووکیٹ نے کہا کہ اس وقت ملک و قوم شدید ہیجانی کیفیت میں مبتلا ہے۔بیرونی ملک دشمن عناصر پاکستان کے چند عناصر کو ملا کر سازشیں کرنے میں مصروف ہیں۔جو ملک کو عدم استحکام میں مبتلا کر کے اپنے مقاصد پورے کرنے میں مصروف ہیں پاکستان کی مقتدر قوتوں قومی اداروں کو ایک میز پر مل بیٹھ کر سخت فیصلے کر نے کی ضرورت ہے۔ملک سے زیادہ کوئی متقدم نہیں قوم کو اعتماد میں لینا بہت ضروری ہے۔ فیصلہ سازوں کو ہنگامی اقدامات کر کے ملک کو ہیجانی کیفیت سے باہر نکالنا چاہئیے۔انہوں نے کہا کہ ملک پہلے ہی سیاسی۔معاشی بحرانوں میں مبتلا ہے مزید بحرانوں کے متحمل نہیں ہو سکتے۔موجودہ حالات میں سب سے بڑی زمہ داری سیاسی جماعتوں پر عائد ہوتی ہے جو ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوے ملک کو موجودہ صورت حال سے باہر نکالنے کے لئے اپنااپنا کردارادا کریں۔