کمشنر راولپنڈی کادھاندلی کااعتراف،مستعفی،گرفتار،الیکشن کمیشن نے الزامات کو مسترد کردیا

راولپنڈی،اسلام آباد: (بیورورپورٹ،رپورٹنگ ٹیم)کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کاضمیر اچانک جاگ اٹھا،انتخابات میںدھاندلی کااعتراف،عہدے سے مستعفی،خود کو پھانسی دینے کامطالبہ کردیا،پولیس نے گرفتار کرلیا۔

پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں سنسنی سے بھرپور پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت چٹھہ نے کہاانتخابی نتائج میں بد ترین دھاندلی ہوئی،راولپنڈی ڈویژن میں دھاندلی کی ذمہ داری قبول کرکے عہدے،سروس سے استعفیٰ دےکر خود کو پولیس کے حوالے کرتا ہوں،راولپنڈی ڈویژن کے 13 ایم این ایز ہارے ہوئے تھے، 70، 70ہزار کی لیڈدلوائی اور50، 50 ہزار کی لیڈ میں تبدیل کرکے ملک کےساتھ کھلواڑکیا،مجھے راولپنڈی کے کچہری چوک میں سزائے موت دی جائے،اب بھی راولپنڈی میں جعلی مہریں لگائی جا رہی ہیں۔

لیاقت چٹھہ نے کہاالیکشن میں ہونےوالی دھاندلی میں الیکشن کمیشن ، چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس بھی ملوث ہیں،سب کواپنے عہدوں سے مستعفی ہونا چاہیے،ملک کےساتھ کیا گیا غلط کام کسی طرح مجھے زیب نہیں دیتا،غلط کام کون کر رہا ہے اورکس نے کرایا کوئی چیز چھپی ہوئی نہیں ،ماتحتوں کو غلط کام کےلئے کہہ رہا تھا تو رو رہے تھے، غلط کام کا کہنے پر معافی مانگتا ہوں۔

مستعفی کمشنر نے کہا سیاسی لوگ شیروانی سلوا کر منسٹر بننے کیلئے گھوم رہے ہیں، میں نے ملک کی پیٹ پر چھرا گھونپا جو مجھے چین سے رہنے نہیں دیتا،فجر کی نماز کے بعد پہلے خود کشی کا سوچا پھر سوچا حرام کی موت کیوں مروں،کیوں نہ سب کچھ عوام کے سامنے رکھوں،مجھے راولپنڈی کچہری چوک میں پھانسی دے دینی چاہیے، اپنے کرب کا بوجھ اتار کر سکون کی موت چاہتا ہوں ،میرے ساتھ چیف الیکشن کمشنر و دیگر کو بھی سزائیں دی جائیں۔

لیاقت چٹھہ نے کہاملک سے غداری ،بے ضمیری نہیں کرنی چاہیے، اپنے گناہ کی سرعام معافی مانگتا ہوں، میرے اوپر کوئی دباو¿ نہیں تھا، سرعام گرفتار کیا جائے، فوج نے الیکشن ٹھیک کرائے، دوبارہ انتخابات کی ضرورت نہیں، فارم 45 کو ہی دوبارہ جمع کر لیا جائے تو صورتحال واضح ہو جائے گی،دریں اثنا سی پی او راولپنڈی نے کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کو گرفتار کرلیااورنامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

ادھر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہاکمشنر راولپنڈی نے جھوٹ بولا،میری لیاقت چٹھہ سے انتخابات کے معاملے پر کبھی کوئی گفتگو نہیں ہوئی، الیکشن کمیشن کے کسی عہدےدار نے نتائج کی تبدیلی کےلئے کبھی کوئی ہدایات جاری نہیں کیں،کسی بھی ڈویژن کا کمشنر ڈی آر او، آر او یا پریذائیڈنگ افسر ہوتا ہے نہ ہی الیکشن کے کنڈکٹ میں کوئی براہ راست کردار ہوتا ہے ،الیکشن کمیشن معاملے کی جلد از جلد انکوائری کرائے گا۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کاسخت نوٹس ہوئے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دیدیا،اعلامیے کے مطابق وزیراعلی محسن نقوی نے الزامات کی انکوائری کےلئے اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاآزادانہ انکوائری سے اصل حقائق کو سامنے لائیں گے۔