سب کو مینڈیٹ میں رہنا چاہیے، فوج اپنا ،عدالتیں اپنا کام کریں:سپریم کورٹ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے سب کو اپنے مینڈیٹ میں رہنا چاہیے، یقین دہانی کرائیں فوج صرف دفاع کا کام کرے گی کاروبار نہیں، فوج اپنا ،عدالتیں اپنا کام کریں۔

دفاعی زمینوں پر کمرشل سرگرمیوں کےخلاف کیس پر سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی،چیف جسٹس فائز عیسیٰ کے ریمارکس پرا ٹارنی جنرل نے کہا اصول تو یہی ہے سب اپنا اپنا کام کریں،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اٹارنی جنرل سے سوال کیا کیا آپ یقین دہانی کراسکتے ہیں؟ یقین دہانی کرائیں فوج صرف دفاع کا کام کرے گی، کاروبار نہیں۔

ای ٹی پی بی کے وکیل نے کہا جس بلڈنگ سے تنازع شروع ہواوہ متروکہ وقف املاک بورڈ کی ہے، الاٹیز نے جعلی دستاویزات پر زمین اپنے نام کر کے بیچ دی اب وہاں 5 منزلہ عمارت ہے،جسٹس علی مظہر نے کہا 5 منزلہ بلڈنگ بنتی رہی تب متروکہ وقف املاک بورڈ تماشائی بنا رہا؟۔

چیف جسٹس نے کہا سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ملی بھگت کے علاوہ غیر قانونی تعمیرات ممکن نہیں، ایس بی سی اے کے انسپکٹرز اور اوپر کے افسروں کے اثاثے چیک کرانے چاہئیں،کراچی کے سب رجسٹرارز کے اثاثوں کا آڈٹ بھی ایف بی آر سے کرانا چاہیے، آمدن سے زائد تمام اثاثوں سے رقم گرائی گئی عمارتوں کے رہائشیوں کو ملنی چاہیے، سندھ حکومت انکوائری کبھی نہیں کرے گی۔

جسٹس قاضی فائز نے پوچھا ایس بی سی اے میں کتنے انسپکٹر اور افسر ہیں؟ ،ڈی جی ایس بی سی اے نے جواب دیا ایس بی سی اے میں مجموعی طور پر 1400ملازمین ،600 بلڈنگ انسپکٹر اور 300 سینئر انسپکٹر ہیں۔

بعدازاں سماعت مکمل ہونے پر سپریم کورٹ نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہاعمارات مقرر حد سے بلند بنائی گئیں اور رہائشی زمین کو تجارتی سرگرمیوں کےلئے استعمال کیا گیا، رہائشی زمین لےکر بلڈرز نے جیبوں میں پیسے ڈالے ،سندھ بلڈنگ اتھارٹی نے آنکھیں بند کرلیں، بلند عمارات گرانے سے رہائش پذیر عام عوام متاثر ہوگی،عدالت نے تمام تفصیلات ہر عمارت پر آویزاں کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔