بڑا فیصلہ،ن لیگ، پی پی، ایم کیو ایم، ق لیگ، بی این پی، آئی پی پی کا ملکر حکومت بنانے کا اعلان

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)اسلام آباد میں بڑی بیٹھک ،ن لیگ، پی پی، ایم کیو ایم، ق لیگ، بی این پی، آئی پی پی نے ملکر حکومت بنانے کا اعلان کردیااور پی ٹی آئی کو بھی بات چیت کی دعوت دےدی۔

سربراہ ق لیگ چودھری شجاعت کے گھرپربڑی بیٹھک ہوئی، آصف زرداری، شہباز شریف، خالد مقبول صدیقی، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، علیم خان سمیت دیگر سیاسی رہنماوں نے شرکت کی،ملاقات میں سیاسی صورتحال پر طویل مشاورت کے بعد مخلوط حکومت بنانے کااعلان کیا گیا۔

اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہامل بیٹھ کر حکومت بنانے کا فیصلہ کرلیا، چاہتے ہیں مصالحت کے عمل میں پی ٹی آئی بھی شامل ہو، نظریاتی مخالفتیں نہیں ،ملک کے وسیع تر مفاد میں معاشی ایجنڈے پر سب کو ایک ہونا ہو گا، الیکشن میں مخالفت ہوتی ہے لیکن ملکر آگے چلنا ہو گا۔

سابق صدر آصف زرداری نے کہاتمام بڑی سیاسی جماعتوں نے ملک کو مسائل سے نکالنے کافیصلہ کرلیا، معاشی و دفاعی ایجنڈا مشترکہ ہونا چاہیے،مصالحت میں پی ٹی آئی بھی شریک ہوگی،سب ملکر حکومت بنائیں گے اور ملک کو مشکلات سے نکالیں گے، ملک کو سنبھال سکتے ہیں، فیصلہ پاکستان، جمہوریت کیلئے بہتر ہوگا،اس موقع پر آصف زرداری نے ایک بار پھر پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔

صدر ن لیگ شہبازشریف نے کہااکھٹے ہونے کا مقصد قوم کو بتانا ہے سیاسی مخالفت کا مرحلہ ختم ہوچکااب جنگ ملک کے چیلنجز حل کرنے کیلئے ہے، پہلا چیلنج معیشت ہے جسے پاو¿ں پر کھڑا کرنا ہے،قیادت جب اکھٹی ہو اور اختلافات بھلا دے تو پھر قومیں ترقی کرتی ہیں، بےروزگاری و غربت کے خاتمے کیلئے جنگ لڑنی ہے، آئی ایم ایف معاہدے سے معاشی استحکام آیا ۔

سابق وزیراعظم نے کہاملک کے قرضوں کو کم کرنا اور مہنگائی کےخلاف جنگ لڑنی ، معاشی شرح نمو کو بڑھانا ہے، ملکر قوم کو بتائیں گے مینڈیٹ تسلیم کرتے ہیں، پی پی، ایم کیو ایم، چودھری شجاعت، علیم خان اور صادق سنجرانی نے ن لیگ کے وزیراعظم کو ووٹ دینے کا اعلان کردیا،شکریہ ادا کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہاسب دو تہائی اکثریت والے لوگ بیٹھے ہیں، پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار اگر اکثریت لے آئیں تو احترام کریں گے اگر نہیں دکھا پاتے تو ہمارے پاس ہر صوبے سے اکثریت موجود ہے، ملکی مسائل حل کرنے کیلئے محنت کریں گے اور خون کا آخری قطرہ تک بہا دیں گے،16 ماہ کی وجہ سے سیاست متاثر ہوئی، فضل الرحمن نے بھی حمایت کا اعلان کردیا، باہمی مشاورت سے مزید آئینی عہدوں کیلئے فیصلے کیے جائیں گے البتہ مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب کی امیدوار ہیں،تمام جماعتوں کا اتفاق ہوگیا ۔

صدر ن لیگ نے کہاعلی امین گنڈا پور کو وزیراعلیٰ نامزد کرنے کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں،وقت معاف کر کے آگے بڑھنے کا ہے اور پیغام و پالیسی سب کیلئے ہے، ملک مشکل حالات میں ہے ،دھرنے و احتجاج کی سیاست کا وقت نہیں ، پی ڈی ایم حکومت نے پاکستان کودیوالیہ ہونے سے بچایا،اب تک یہی کہتا رہا ہوں وزیراعظم کے امیدوار نواز شریف ہوں گے، درخواست کروں گا عہدہ سنبھالیں، سب اختلافی معاملات کو بھلا کر 25 کروڑ عوام کیلئے سوچیں، انقلابی اقدامات اٹھانا ہوں گے،پھر دوبارہ سب کو دعوت دیتا ہوں آئیں آگے بڑھیں اورباہمی اختلافات بھلا کر اکٹھے ہو جائیں۔

سربر اہ ق لیگ نے چودھری شجاعت نے کہا سب کو مل کر بحرانوں سے نکلنا ہو گا، پاکستان کا ایجنڈا نمبر ون ہونا چاہئے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ملک بحران سے گزر رہا ہے، اختلافات ملک سے زیادہ بڑے نہیں ، سب بھول کر ساتھ بیٹھے ہیں،شہباز شریف کا ساتھ دیا تھا اور دیں گے، ہمیشہ اپنا وعدہ پورا کیا ،سب ملکر اگر پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے سیاسی مفادات کو ایک طرف رکھ کر ملک و ریاست کو بچانے کیلئے اقدامات کریں گے تو ایک سال میں صورت حال بہتر ہوسکتی ہے۔

چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے بلوچستان عوامی پارٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا ملکی نظام سنبھالنے و جمہوریت کیلئے سب ملکر کھڑے ہیں، بلوچستان عوامی پارٹی میاں صاحب کی حمایت کرتی ہے۔

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر علیم خان نے کہا چودھری شجاعت کا شکریہ، امید ہے ملکی حالات بہتری کی طرف جائیں گے، غریب کے حالات بہت خراب ہیں، مہنگائی بہت زیادہ ہے، مشکلات لوگوں پر بہت زیادہ ہیں، ملک و عوام کی خاطر فیصلے کریں گے،شہباز حکومت اچھے طریقے سے فیصلے کرے گی۔

دریں اثنا ن لیگ نے صدر کےلئے پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کا فیصلہ کر لیا،قائد ن لیگ نوازشریف نے سابق وزیر اعظم شہباز شریف اور سینئر لیگی رہنماو¿ں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا،ذرائع کے مطابق ن لیگ پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کا باقاعدہ اعلان جلد کرے گی۔

قبل ازیںصدر ن لیگ شہبازشریف نے سابق صدر آصف زرداری ،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلیفونک رابطہ کیااورن لیگ کی حمایت کے اعلان پرنواز شریف واپنی طرف سے شکریہ ادا کیا،شہبازشریف نے کہاامید ہے ملکرپاکستان کو سیاسی، معاشی بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہوں گے۔

شہبازشریف نے بی اے پی کے رہنما سردار خالد مگسی سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیااورالیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی، دونوں رہنماوں کے درمیان ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر بات چیت ہوئی، شہبازشریف نے سردار خالد مگسی کوحکومت سازی میں شمولیت کی دعوت دی،ذرائع کے مطابق دونوں رہنماوں نے رابطوں کا سلسلہ جاری رکھنے اورجلد ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

مزید برآں ن لیگ،ایم کیو ایم قائدین کی اسلام آباد میں اہم مشاورتی بیٹھک ہوئی،سیاسی صورتحال ،حکومت سازی پر مشاورت اورباہمی تعاون سے آگے بڑھنے پر اتفاق کیا گیا، شہبازشریف نے تعاون پرایم کیو ایم کا شکریہ ادا کیا