لاہور (خبرنگار) گیس کے ہزاروں روپے کے بل آنے پر صارفین آپے سے باہر ہوگئے اور سڑکوں پر نکل کر بھرپور احتجاج شروع کردیا۔ سوئی ناردرن گیس ہربنس پورہ سب آفس کے باہر گیس بلوں کے خلاف احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے گیس دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے داخل ہونے سے روک دیا۔ مظاہرین نے سوئی ناردرن گیس کمپنی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور کینال روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ پوری سردی گیس میسر نہیں تھی مگر بل ہزاروں روپے آگئے، گھریلو صارفین کو کمرشل جتنے بل آئے ہیں، 500 سے 1000 روپے تک بل آتے تھے لیکن رواں ماہ کسی کا 40 تو کسی کا 50 ہزار روپے سے بھی زیادہ بل آیا ہے۔ احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ غریب آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی کھانا بھی مشکل ہوگیا ہے، پہلے بجلی کے بلوں میں اضافہ کیا گیا اور اب گیس غریب کی پہنچ سے باہر ہوگئی ہے، غریب آدمی 40 سے 50 ہزار بل کہاں سے ادا کریگا، حکومت معاملے کا نوٹس لے۔
سوئی گیس کے بھاری بل، عوام کا پارہ ہائی، سڑکوں پر نکل آئے، شدید احتجاج



















