میاں نوازشریف کی ماڈل ٹاﺅن میں تقریر تاریخ کے ماتھے کا جھومر ہے :خواجہ احمد حسان

لاہور (اپنے رپورٹر سے) مسلم لیگ (ن) وفاق اور پنجاب میں الحمداللہ حکومت بنائیگی، میاں شہباز شریف قائد عوام میاں نوازشریف کی جانب سے اہم ذمہ داری کو بحسن خوبی سرانجام دیکر سرخرو ہوں گے ۔ پنجاب بھر میں 137 سے زائد سیٹوں کے ساتھ مسلم لیگ (ن) سرفہرست ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی رہنما خواجہ احمد حسان نے روزنامہ مشر ق سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انکا کہنا تھا کہ اگر اللہ تعالیٰ نے چاہا تو وفاق اور پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت بنے گی، میاں نوازشریف ہی مسلم لیگ (ن) کے وزیراعظم کے امیدوار ہیں۔ اس وقت مسلم لیگ (ن) قومی اسمبلی میں سب سے زیادہ سیٹیں جیتنے والی جماعت ہے، پنجاب میں مسلم لیگ (ن) اکثریتی جماعت ہے، وفاق اور پنجاب میں جہاں ہمیں ضرورت ہوگی پارٹنرز کو لیں گے۔ رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ کئی آزاد امیدوار مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونا چاہتے ہیں اور آج کی تاریخ میں کئی آزاد امیدواروں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کرکے باقاعدہ اعلان بھی کیا ہے اور دیگر آزاد امیدوار پارٹی سے رابطے میں ہیں، اللہ نے چاہا تو وفاق اور پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہو گی اور قائد عوام میاں نوازشریف پاکستان کے وزیراعظم ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کے وفد کی میاں نوازشریف سے خصوصی ملاقات کے بھی مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ مسلم لیگ (ن) اور قائد عوام میاں نوازشریف کی ماڈل ٹاﺅن میں تقریر تاریخ کے ماتھے کا جھومر ہے جس میں انہوں نے دیگر جماعتوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ مسلم لیگ (ن) الحمد اللہ ملک کی سب بڑی جماعت بن کر ابھری، سب جماعتوں کو اتحاد کی دعوت دیتے ہیں۔ پاکستان کی خوشحالی کیلئے ہمیں کچھ کرنا ہوگا، ہماری جماعت کی کارکردگی سب کے سامنے ہے۔ پاکستان کیلئے، پاکستان کی عوام کیلئے احسن اقدامات کرکے پاکستان کا مورال بلند کیا۔ اب وقت کی اہم ضرورت ہے کہ سیاستدان ایک پیچ پر ہوں جس کا نتیجہ پاکستان کی خوشحالی اور بہتری میں نکلے گا۔ مرکزی رہنما مسلم لیگ (ن) نے ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ دیگر جماعتوں کے جیتنے والوں کو دعوت دیتے ہیں کہ پاکستان کا مشکلات سے نکالنے کیلئے مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیں تاکہ خوشحال پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں آسانی ہو۔ ملک کی سا لمیت اور عوامی خوشحالی کیلئے پارٹی سب کو ساتھ لیکر چلنے کے خواہاں ہے جس پر میاں شہبازشریف سیاسی جماعتوں کے اہم رہنماﺅں سے ملاقاتیں کررہے ہیں جس میں وہ کامیاب و کامران ہوںگے۔