دوبارہ گنتی کیلئے درخواست وصولی کی تاریخ10،11فروری مقرر

لاہور :(رپورٹنگ ٹیم) ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق درخواستوں کی وصولی کےلئے الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ 10اور 11فروری کو کھلا رہے گا،الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے درخواستیں صبح 8:30سے شام 4:30تک لی جائیں گی، درخواستوں پر سماعت 10اور11فروری کو بھی ہوں گی۔

ترجمان نے کہا پٹیشن جمع کرانے کےلئے ضروری ہدایات الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود ہیں، امیدوار ایس او پیز کے مطابق اپنی درخواستیں جمع کراسکیں گے،الیکشن کمیشن کے مطابق پٹیشنز کی 9کاپیاں، ایک اصل اور 8کاپیاں معہ مکمل تفصیل جمع کرانی ہوں گی۔

درخواست دہندہ درخواست کی سافٹ کاپی پی ڈی ایف میں مہیا کرے گا،درخواست دہندہ جو بھی ان کے پاس ثبوت ہونگے وہ یو ایس بی میں دیں گے، درخواست دہندہ اپنے شناختی کارڈ کی کاپی، موجودہ پتہ اور رابطہ نمبر لکھیں گے۔

ترجمان نے کہا درخواست دہندہ مدعا علیہان کے مکمل کوائف اور پتہ تحریر کریں گے، وکیل کے ذریعے درخواست دائر کرنے پر وکالت نامہ منسلک کرنا ہو گا، صرف مقررہ تاریخ اور وقت پر موصول درخواستیں سماعت کےلئے مقرر ہوں گی۔