لاہور (سٹاف رپورٹر) ترجمان پنجاب حکومت عامر میر نے کہا ہے کہ صوبے میں پرامن الیکشن یقینی بنانے کیلئے 20 ہزار پولیس جوان اور 10 ہزار فوج اور رینجرز کے دستے تعینات کئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے 8 فروری کے روز پولنگ سٹیشنز پر سخت ترین حفاظتی اقدامات کیے ہیں تاکہ دھاندلی اور شر انگیزی کی کوشش کرنے والوں کے خلاف فوری کاروائی ہو۔ترجمان پنجاب حکومت نے بتایا کہ پنجاب میں 5500 پولنگ سٹیشنوں انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔ لاءاینڈ آرڈر کا مسئلہ ہوا تو کوئیک ریسپانس فورس ایکشن میں آئیگی۔ ہر پولنگ اسٹیشن پر پولیس کے خصوصی دستے تعینات ہوں گے۔ عامر میر کا کہنا تھا کہ ہزاروں حساس پولنگ سٹیشنوں پر 32000 ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں اور سی سی پی اوز اور ڈی پی اوز کے کنٹرول رومز بھی الیکشن مانیٹر کریں گے۔ الیکشن ڈے پر موبائل اور انٹرنیٹ سروس کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔ دریں اثناءعامر میر نے محکمہ اطلاعات پنجاب کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ پیش کرتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نگران پنجاب حکومت کی کامیابی میں محکمہ اطلاعات کی خصوصی کاوشوں کا دخل رہا۔ محکمہ تعلقات عامہ نے ہفتے کے سات دن اور دن کے چوبیس گھنٹے خدمات سر انجام دیں اور حکومتی پالیسیوں اور اقدامات کی موثر تشہیر سے نگران حکومت کا مثبت تاثر بنایا۔ محکمے نے عوام کو حکومتی کاوشوں سے آگاہ رکھ کر حکومتی ساکھ برقرار رکھی۔ عامر میر کا کہنا تھا کہ وزارت اطلاعات نے صحافیوں کی فلاح کیلئے دیرینہ مسائل حل کیے اور میڈیا ورکرز کی مالی معاونت کے لیے ایک ارب روپے کا اینڈومنٹ فنڈ قائم کیا۔ پنجاب کے تمام پریس کلبز کو پہلی بار خصوصی گرانٹ فراہم کی گئی۔ پنجاب کے صحافیوں کیلئے مسکن راوی ہاسنگ پروجیکٹ شروع کیا گیا۔ لاہور پریس کلب کو صحافیوں کی ہیلتھ انشورنس کیلئے کروڑوں روپے کی گرانٹ دی گئی۔
امن و امان کا مسئلہ ہوا تو کوئیک ریسپانس فورس ایکشن میں آئے گی:عامر میر



















