انتخابات میں تاخیر کاباعث بننے والا حکم نہیں دینا چاہتے،سپریم کورٹ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے ریمارکس دئیے ہیںانتخابات میں تاخیر کاباعث بننے والا حکم نہیں دینا چاہتے،جسٹس جمال مندوخیل نے پی پی 224سے امیدوار کی کاغذات نامزدگی کی منظوری کےلئے دائر اپیل پر سماعت کی۔

عدالت نے کہا درخواست گزار نے اپیل دائر کرنے میں 12دن تاخیر کی، بروقت اپیل دائر ہوتی تو انتخابات کیلئے اجازت مل سکتی تھی، ایسا حکم نہیں دینا چاہتے جو انتخابات میں تاخیر کا باعث بنے،جسٹس جمال مندو خیل نے سپیشل سیکرٹری سے سوال کیا الیکشن کمیشن نے شیڈول اتنا کم مدتی کیوں رکھا ؟ ،علم ہونا چاہیے تھا اپیلیں بھی دائر ہونی ہیں۔

سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفر اقبال نے کہاموجودہ مرحلے پرکاغذات منظورکیے تو حلقے میں انتخابات تاخیرکا شکار ہوسکتے ہیں، بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ کا عمل مکمل ہوچکا ،مجموعی طورپر 859حلقوں کیلئے 26کروڑ بیلٹ پیپرزچھاپے گئے ،کاغذ کی ضرورت پوری کرنے کیلئے بیلٹ پیپرکا سائزچھوٹا کردیا ،بعد ازاں عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد پی پی 224سے امیدوار کی کاغذات نامزدگی کی منظوری کیلئے دائر اپیل خارج کردی۔

دریں اثناسپریم کورٹ نے این اے 144 خانیوال سے تحریک انصاف کے رہنما سردار شہباز سیال کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کا حکم دےدیا،جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی،عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کے کاغذات نامزدگی چھپنے کے عذر کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے سردار شہباز شیال کو انتخابی نشان الاٹ کرنے کا حکم دےدیا،جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن کی مشکلات کو سمجھتے ہیں، الیکشن کمیشن کی مشکلات و بنیادی حقوق کا توازن برقرار رکھنا ہے،ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں حقائق کو مدنظر نہیں رکھا۔