انسداد بجلی چوری سیل قائم،مزید 413 کنکشن گھناﺅنے فعل میں ملوث، 9 ملزمان گرفتار ، مقدمات درج

لاہور (خبرنگار) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9افراد کو گرفتارکرلیا گیا۔ وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں413 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،412 بجلی چوروں کے خلاف ایف آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے 187 درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ 9افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 12 کمرشل،3 زرعی اور398 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو335213 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت11052739 روپے ہے۔بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔انسداد بجلی چوری مہم کو143 روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل49320 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں سے48861 ملزمان کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواستیں جمع کروائی گئیں،45973 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر17403 ملزمان کو گرفتار بھی کرکیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک69485630 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 2693974334ہے۔اس موقع پر لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہیگا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔دوسری طرف چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے انسداد بجلی چوری مہم کو مانیٹر کرنے کیلئے خصوصی سیل قائم کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے بعد خصوصی سیل قائم کردیا گیا ہے ۔” انسداد بجلی چوری سیل “ کے معاملات کو ڈائریکٹر کسٹمر سروسز رائے اصغر کی زیر نگرانی منیجر ایم اینڈ ایس ذوالفقار علی بلوچ، منیجر ایس اینڈ آئی انور وٹو ، منیجر سی ایم یو رائے مسعود کھرل اور ڈپٹی منیجر ایس آئی نعمان ملہی چلائیں گے۔ خصوصی سیل انسداد بجلی چوری مہم کو 24گھنٹے مانیٹر کریگا۔خیال رہے کہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے 143 روز سے بجلی چوروں کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے جس میں اب تک 45973 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر17403 ملزمان کو گرفتار کرکیا گیا۔دریں اثناءلیسکوچیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ڈیڈ ڈیفالٹرزسے وصولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ چیف انجینئرز تحصیل داروں کی معاونت سے ریکوری کو بہتر سے بہترین کر رہے ہیں۔ لیسکو حکام نے 138 روز سے جاری ریکوری مہم کے دوران مجموعی طور پر74880 ڈیفالٹرز سے2ارب21 کروڑ روپے کی وصولی کی۔ مہم کے 138 ویں روز615 ڈیفالٹرز سے25.90ملین کی وصولی کرلی گئی ہے۔