اسلام آباد:(بیورورپورٹ)ڈپٹی سپیکر رولنگ کیس میں اسد قیصر اور قاسم سوری کی نظر ثانی درخواستیں خارج ،صدر مملکت عارف علوی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان نے نظرثانی اپیلیں واپس لے لیں۔
سپریم کورٹ میں نظرثانی کیس کی سماعت کے دوران جسٹس منصورعلی شاہ نے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے وکیل نعیم بخاری سے استفسار کیا آپ کیس چلانا چاہتے ہیں؟،جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا بخاری صاحب آپ اکیلے رہ گئے ،نعیم بخاری نے جواب دیا تو کیا میں بھی چلاجاو¿ں؟ نعیم بخاری کے جواب پر کمرہ عدالت میں قہقہے لگ گئے،نعیم بخاری نے کہا لوگ اکثر میری حس مزاح کو غلط سمجھ لیتے ہیں، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا میں آپ کی حس مزاح کو غلط نہیں سمجھوں گا، نعیم بخاری نے کہاتو اب مجھے لوگ جنازوں پر بھی نہیں بلاتے، کہتے ہیں کہیں مردہ زندہ ہوکر لطیفہ سنانے کا نہ کہہ دے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے پوچھا آپ اب کیا چاہتے ہیں؟ نعیم بخاری نے چاہتا ہوں ڈپٹی سپیکر رولنگ پر عدالتی فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، عدالت مجلس شوریٰ پارلیمنٹ کے معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتی، جسٹس منیب اختر کے سوالات خوش آئند لیکن خوفناک ہوتے ہیں،جسٹس منیب اختر نے کہا مجھے سوال پوچھ تو لینے دیں، آپ پہلے ہی ڈرا رہے ہیں، سپیکر و ڈپٹی سپیکر کے اختیارات عام نہیں ہوتے وہ محض افسر نہیں ہوتے ،جسٹس منصور علی شاہ نے کہا وہ قانون دکھا دیں جس کے تحت سپیکر یا ڈپٹی سپیکر کو اختیارات دئیے گئے ،جسٹس منصور علی شاہ نے سابق سپیکرز کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ آرٹیکل 69 ٹو سے آگے نہیں بڑھ پا رہے۔
جسٹس مندوخیل نے کہا رولنگ ہونی چاہیے تھی تحریک عدم اعتماد پر کارروائی 7 دن کے اندر مکمل ہو،غلط فہمی پیدا کی گئی عدلیہ پارلیمنٹ کے امور میں مداخلت نہیں کر سکتی، جہاں آئینی خلاف ورزی ہو وہاں سپریم کورٹ پارلیمنٹ کا معاملہ دیکھ سکتی ہے،وکیل نعیم بخاری نے کہا آرٹیکل 69کی ذیلی شق 2 کے تحت سپیکر ذاتی اقدام کا جوابدہ نہیں، جسٹس منیب اختر نے کہا نظرثانی درخواست سن رہے ہیں، نکتہ کسی آزادانہ کیس میں اٹھائیں، تسلی رکھیں ڈپٹی سپیکر رولنگ فیصلہ سپیکر یا ڈپٹی سپیکر کی ذات کےخلاف نہیں ۔
سپریم کورٹ نے دلائل سننے کے بعد اسد قیصر ،قاسم سوری کی ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کےخلاف عدالتی فیصلے پر نظرثانی درخواستیں خارج کر دیں اور کہا ڈپٹی سپیکر رولنگ فیصلے کےخلاف نظرثانی کی کوئی بنیاد نہیں بنتی،دوسری جانب صدر عارف علوی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عدالتی فیصلے کےخلاف نظر ثانی اپیلیں واپس لے لیں ،عدالت عظمیٰ نے ڈپٹی سپیکر رولنگ کیس میں نظرثانی اپیلوں کا کیس نمٹا دیا۔
ڈپٹی سپیکر رولنگ کیس:اسد قیصر ،قاسم سوری کی نظرثانی درخواستیں خارج



















