اسلام آباد (بیورو رپورٹ) الیکشن کمیشن ، میڈیا اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں کے نمائندگان اور ماہرین نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان آئینی ادارہ ہے جس نے انتخابی ضابطے تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت، آئین کے مطابق اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دیئے ہیں جن کی پاسداری انتہائی ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پاک چائنہ فرینڈشپ سنٹر میں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کے زیر اہتمام ”انتخابات 2024: میڈیا سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کا اخلاقی طرز عمل“ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزارت اطلاعات و نشریات کی سرپرستی میں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام یہ اس سلسلے کا تیسرا سیمینار تھا ، چوتھا سیمینار بھی جلد منعقد ہو گا جس میں ”پسے ہوئے طبقات کے مسائل“ کے حوالے سے گفتگو کی جائیگی۔ سیمینار سے نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی، سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد، پرنسپل انفارمیشن افسر ڈاکٹر طارق محمود خان نے بھی خطاب کیا۔ سیمینار کے دوران دو مذاکروں کا انعقاد کیا گیا۔ پہلے مذاکرے میں تدریسی شعبہ کے ماہرین اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فوکل پرسن نے حصہ لیتے ہوئے ضابطہ اخلاق پر روشنی ڈالی اور نفاذ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان سید ندیم حیدر نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی تیاری کیلئے 11 اکتوبر 2023 کو تمام سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا گیا جس کے بعد ان کی مشاورت اور آئین اور معاشرتی اقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے تشکیل دیا گیا ہے۔ ضابطہ اخلاق میں ملکی سالمیت اور دفاعی اداروں کے خلاف نفرت آمیز تقاریر پر اور کسی کی ذاتی زندگی کو زیر بحث لانے اور انتخابی مہم کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے اخراجات کے تعین کی بات کی گئی ہے، انتخابات کیلئے بینرز لگانے، بڑے بڑے بل بورڈز اور سائن بورڈز نصب کرنے اور وال چاکنگ جیسے طرز عمل کی ممانعت کی گئی ہے اور خلاف ورزی پر کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات ہماری آئینی ذمہ داری ہے اور مانیٹرنگ کا اختیار بھی آئین میں تفویض کیا گیا ہے، ہر حلقہ کیلئے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، یہ ٹیمیں کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر اور الیکشن کمیشن کو دیں گی جس پر ضابطہ کی کارروائی ہو گی، معاشرے کی سماجی روایات کا بھی خیال رکھا گیا ہے، سیاسی جماعتیں اس تمام عمل میں سب سے بڑی فریق ہیں جن کی مشاورت پورے عمل میں شامل رہی ہے، ضابطہ اخلاق، زمینی حقائق اور عمومی رویے کی پاسداری بھی ضروری ہوتی ہے اس لئے ضابطہ اخلاق پر عمل پیرا ہونا تمام فریقین کیلئے ناگزیر ہے۔ مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے پیس اینڈ ڈویلپمنٹ فاﺅنڈیشن کے سربراہ عصمت نے کہا کہ ضابطہ اخلاق انفرادی اور اجتماعی لحاظ سے ایسے لائحہ عمل کا نام ہے جس پر چل کر مستقبل کی راہ متعین کی جاتی ہے۔ میڈیا مالکان، سٹیک ہولڈرز سے معاشرے کی اقدار کی پاسداری کی توقع کی جاتی ہے جس کیلئے کوڈ آف کنڈکٹ ہوتے ہیں، پاکستان میں قواعد و ضوابط اور قوانین موجود ہیں لیکن ٹرن آﺅٹ انتہائی کم ہوتا ہے جس کی ایک وجہ عوامی اداروں پر اعتماد کی کمی ہے، کوڈ آف کنڈکٹ پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ آگاہی اور خود احتسابی بھی لازم و ملزوم ہیں۔ مباحثے میں شرکت کرتے ہوئے ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر روح الامین نے کہا کہ انتخابات کے بعد دھاندلی کا شور ہوتا ہے جو کمزور انفراسٹرکچر کی وجہ سے ہوتا ہے، ابلاغیات کے شعبہ کے طلباءکو ہمیشہ پیمرا کے قواعد و ضوابط سے آگاہی دیتے آ رہے ہیں لیکن تعلیمی اداروں کی سطح پر بھی الیکشن کمیشن کی تحقیق کی بنیاد پر معاونت ضروری ہے، الیکشن کمیشن کو چاہئے کہ شعبہ تدریس کے حوالے سے آگاہی کا بندوبست کرے جس پر ترجمان الیکشن کمیشن نے خیرمقدم کرتے ہوئے آئندہ ضابطہ اخلاق کی تیاری میں یہ رائے شامل کرنے کا یقین دلایا۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر شاہد حسین نے کہا کہ پیمرا کوڈ آف کنڈکٹ میں واضح ہے کہ میڈیا ادارے آگاہی مہم چلائیں گے تاکہ ان میں قواعد و ضوابط سے آگاہی حاصل کرکے سماجی ڈھانچہ میں بہتری کیلئے لائحہ عمل بنایا جا سکے اور آج کل سوشل میڈیا کے ذریعے غلط معلومات کی تشہیر ہوتی ہے جس سے عوامی رائے پر اثر انداز ہوا جاتا ہے اس کے تدارک کیلئے بھی درست معلومات عوام تک پہنچانا اداروں کی ذمہ داری ہے، میڈیا کو بھی چاہئے کہ تعمیری کردار ادا کریں۔ ماہرین تعلیم نے اونرشپ، فنڈنگ کے عمل، ذرائع اور قومی بیانیہ جیسے فلٹر کی روشنی میں معلومات کا مشاہدہ کیا جا سکتا ہے، امید ہے کہ الیکشن کمیشن اس حوالے سے بھی معیاری طریقہ کار متعارف کرائے گا اور ہم آہنگی کیلئے کم از کم معیارات لاگو کرنے کی ضرورت ہے۔ میڈیا ضابطہ اخلاق کے حوالے سے سیشن میں سینئر صحافی افتخار شیرازی نے حصہ لیتے ہوئے کہا کہ قواعد و ضوابط کا یکساں نفاذ ضروری ہے، پیشہ وارانہ تقاضے ہیں کہ پورا سچ بتایا جائے، کسی طرف جھکاﺅ نہ ہو، دنیا میں مروجہ اصول ہے کہ جہاں آپ خود کو خود سے ٹھیک نہ کریں اس کیلئے قانون اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ فیک نیوز کا بھی دور دورہ ہے، ماضی میں بغیر سوچے سمجھے ہوا بازوں کی جعلی ڈگریوں کی خبر دے کر پوری دنیا میں بدنامی کی گئی اور بعد ازاں پتہ چلا ایسا نہیں تھا لیکن سینکڑوں ہوا بازوں کی نوکریاں چلی گئیں۔ مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے سینئر صحافی حافظ طاہر خلیل نے کہا کہ میڈیا کے حوالے سے 9 ضابطہ اخلاق آ چکے ہیں، ہر آنے والا الیکشن نئی جہتیں لے کر آتا ہے، اس مرتبہ سوشل میڈیا کا دور دورہ ہے ، میڈیا کو چاہئے کہ ایسی جعلی خبروں کی تحقیق کریں اور غلط خبریں آگے نہ پہنچائیں، ہمارے دینی فریضہ میں ہے کہ خبر کی تصدیق ضرور کریں اور غلط خبر نہ پھیلائیں، جمہوری استحکام کیلئے کام کریں، لیڈرشپ مضبوط ہو تو قوم کے مسائل حل ہو سکتے ہیں، آئین کی پاسداری ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ بیٹ رپورٹرز کی الیکشن کمیشن اور سپوکس پرسن تک رسائی کو یقینی بنایا جائے۔ جاوید سومرو نے بھی اس حوالے سے میڈیا کی رسائی کی ضرورت پر زور دیا۔ وہاب حسن نے بھی اس حوالے سے مفید تجاویز پیش کیں۔ سیمینار اور مباحثے میں نظامت کے فرائض رضوان رونق اور مہرین طارق نے سرانجام دیئے۔
عام انتخابات میں ضابطہ اخلاق انتہائی اہمیت کا حامل ہے: شاہیرہ شاہد



















