ساہیوال میں الیکشن انتظامات کا جائزہ، کنٹرول روم قائم

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا عام انتخابات 2024کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم کا دورہ، ضلع بھر کے تمام پولنگ سٹیشنوں کی مانیٹرنگ کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، حساس پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں تاکہ امن و امان کی صورتحال برقراررکھی جا سکے، کمشنر کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے عام انتخابات2024کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر ساہیوال اکرام الحق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید عثمان منیر بخاری،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد اور ایس این اے خرم سلیم بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ تمام حساس پولنگ سٹیشنوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ عمل میں لائی جائے تاکہ شفاف اور غیرجانبدار انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔ بعدازاں انہوں نے گورنمنٹ کمپری ہنسو سکول اور شہر کے قریبی دیہات کے دیگر سکولوں کا دورہ کیا اور پولنگ سٹیشنوں کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام پولنگ سٹیشنوں پر ووٹرز کی سہولت کیلئے مناسب انتظامات کئے جائیں۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا پسپ پروگرام کے تحت شہر کی گلیوں میں پانی کے پائپ ڈالنے کے بعد ملبہ نہ اٹھانے کا نوٹس، متعلقہ ٹھیکیدار ساتھ ساتھ گلی کی مرمت بھی کرے اور ملبہ بھی ہٹائے،کمشنر کی ہدایت۔ شہریوں کو بے جا تکلیف سے بچانے کیلئے ٹھیکیدار ذمہ داری سے کام کرے۔ انہوں نے یہ ہدایت اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان، پسپ پروگرام کے انفرسٹرکچر انجینئر حمزہ چوہان سمیت متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے علی مسجد سے مشن چوک تک مین ہولز کی صفائی کے جاری کام پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ اسے ریکارڈ مدت میں ختم کیا جائے تاکہ گلستان روڈ پر سیوریج کے اوورفلو سے شہریوں کو نجات دلائی جا سکے۔ انہوں نے راجباہ9ایل سے بھل صفائی کے دوران نکلنے والی مٹی کو شہر کے پارکوں اور گرین بیلٹس میں ڈالنے کی ہدایت کی تاکہ موسم بہار کی شجرکاری کیلئے زمین تیار کی جا سکے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے لاہور بائی پاس سے عارفوالا چوک تک راجباہ اور اولڈ جی ٹی روڈ کے درمیان شہریوں کی سہولت کیلئے واکنگ ٹریک بنانے کی بھی ہدایت کی۔