ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا شہر کے وسط میں سبزی و فروٹ منڈیوں کی وجہ سے شہریوں کو درپیش ٹریفک مسائل کا نوٹس، چرچ روڈ، کھوکھا بازار اور گلستان روڈ صبح ساڑھے 8بجے کے بعد ہر صورت کلیئر کی جائے، مارکیٹ کمیٹی اور میونسپل کارپوریشن کو مشترکہ کاروائی کی ہدایت، مسئلے کے مستقل حل کیلئے منڈیوں کو شہر سے باہر شفٹ کرنے کے کام میں بھی تیزی لائی جائے، کمشنر کی ہدایت۔ وہ اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلا س کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان، پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان سمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت کی کہ دونوں منڈیوں میں ڈسٹ بن بھی رکھوائے جائیں تاکہ صفائی میں آسانی ہو اور کوڑا سڑکوں پر جمع نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ ان دونوں منڈیوں کی شہر میں موجودگی سنگین ٹریفک مسائل اور گندگی کا سبب ہے جنہیں شہر سے باہر منتقل کرنے کےلئے جاری عمل کو تیز کیا جائے اور اگلے ماہ ہونے والے نیلامی کے عمل کو ہر صورت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے پسپ پروگرام کے تحت پاکپتن روڈ پر بچھائے جانے والے 72انچ قطر کے سیوریج پائپ ختم ہونے اور نئے نہ بنانے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور متعلقہ کمیٹی کیخلاف کارروائی کی ہدایت کی جس کی نااہلی کی وجہ سے سیوریج لائن ڈالنے کا کام تعطل کا شکار ہوا۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر کے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈویژنل پبلک سکول میں کیمبرج سکول کیمپس کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ اسے ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن/سیکرٹری ساہیوال ایجوکیشنل ٹرسٹ شفیق احمد ڈوگر کو فنڈ ریزنگ کیلئے فوکل پرسن بھی مقرر کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی پی ایس میں کیمبرج سکول کیمپس کا قیام یہاں کی عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا تاکہ بچوں کو معیاری تعلیم فراہم ہو سکے اور اس سلسلے میں والدین کو دوسرے شہروں میں بچوں کو نہ بھیجنا پڑے۔ واضح رہے کہ ڈویژنل پبلک سکول میں کیمبرج سکول کیمپس 45کروڑ روپے کی خطیر رقم سے تعمیر کیا جائیگا جس کیلئے تمام تر فنڈز سکول میں جمع ہونے والے ڈویلپمنٹ چارجز سے اکٹھے کئے جائیں گے۔ تعمیر کے پہلے مرحلے کیلئے بھی اخراجات کا تخمینہ15کروڑ روپے لگایا گیا ہے جو دو سال میں مکمل ہو گا۔
مخیر حضرات ڈی پی ایس کیمبرج سکول کیمپس کی تعمیر میں بھرپور حصہ لیں :کمشنر ساہیوال



















