اسلام آباد،راولپنڈی،ژوب:(بیورورپورٹ)ایران میں بلوچ لبریشن فرنٹ ( بی ایل ایف ) کے ٹھکانوں پر کیے گئے پاکستانی سٹرائیک میں ہلاک ہونےوالے دہشت گردوں کی ہوشربا تفصیلات منظر عام پر آگئیں۔
ہلاک دہشتگردوں میں دوستہ عرف چیئرمین، ساحل عرف شفق ، وزیر عرف وازو ، سرور ولد اصغر اور بجر عرف سوغات شامل ہیں۔
دوستہ عرف چیئرمین ضلع پنجگور کا رہائشی تھا، 2013میں بی ایل ایف میں شامل ہوا ،کمانڈر فضل شیرعرف طاہر گروپ کا رکن،زامران سیکٹر میں منشیات فروشی ،لوٹ مار میں بھی ملوث تھا،دہشتگرد دوستہ پروم سیکٹر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد حملوں میں ملوث رہا ،2019 کو پروم میں سکول ، ایف سی پوسٹ پر حملے میں بھی ملوث تھا،2022 میں ہی یوسف پوسٹ پر بارودی سرنگ کے دھماکے میں بھی ملوث رہا،جنوری 2023 میں اخلاق کو اغوا کرکے بالگتر کے علاقے میں قتل کیا ،گزشتہ سال 12 اپریل کو ایف سی کے قافلے کو نشانہ بنایا۔
دہشتگردوں کےساتھ پنجگور کے رہائشی اصغر عرف بشام کا بیٹا سرور بھی مار اگیا،دہشتگرد نے 2021 میں گاواش چکر بازار میں ایف سی پٹرولنگ پارٹی پر حملہ کیا ،جولائی 2021میں پنجگور میں فرنٹیئر کور کی پٹرولنگ پارٹی پر گولیاں برسائیں،فروری 2023 میں اصغر نے پنجگور کے بس سٹینڈ پر فائرنگ کرکے انصر کو شہید کیا ،نومبر 2023 کو اصغر عرف بشام کی فائرنگ سے سپاہی نے جام شہادت نوش کیا ۔
ہلاک ہونےوالا دہشت گرد وزیر عرف وازو 14-2013 میں بلوچ ریپبلکن آرمی میں شامل ہوا ،2019 میں بلوچ لبریشن فرنٹ میں شمولیت اختیار کی ،بی ایل ایف کے دہشت گرد عابد عرف چاکر کا بھائی تھا،وزیر عرف وازو پروم اور گوارگو میں متعدد دہشت گرد سرگرمیوں کا حصہ ،ستمبر 2020 کو ضلع پنجگور کے احمد ،عامر کو شہید کیا،مارچ 2023 میں پل ناکہ پوسٹ پر گرینیڈحملہ کیا،وزیر عرف وازو نے مئی 2023 میں کسٹم آفس ایریا کے قریب ایف سی قافلے کوبارودی سرنگ سے نشانہ بنایا،ہلاک ہونےوالے دہشت گردوں میں ساحل لنگ عرف شفق بھی شامل تھا ،عام شہریوں ،سکیورٹی فورسز پر متعدد حملوں میں ملوث رہا، ساحل دہشتگرد بلبل کا بھائی، مارگٹ،ہرنائی میں بھتے اور دہشت گردی میں ملوث تھا۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع ژوب میں پاک افغان سرحد کے قریب سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس آپریشن میں7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے،آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا آپریشن ژوب کے علاقے سمبازا سیکٹر میں کیا گیا، فا ئرنگ کے تبادلے میںمارے گئے دہشتگرد فورسز کےخلاف دہشتگردی کی کارروائیوں ،معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے،قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔
ایران میں ہلاک دہشتگردوں کی ہوشربا تفصیلات منظر عام پر آگئیں،ژوب میں آپریشن،7ملک دشمن جہنم واصل



















