عوام غیر مصدقہ خبروں یا انٹیلی جنس رپورٹس پر کان نہ دھریں :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ ملک کے تمام سکیورٹی اداروں کی کوآرڈی نیشن سے الیکشن کے پرامن، شفاف انعقاد کے لئے تیار پوری طرح تیار ہیں، امن و امان کی فضا تسلی بخش ہے ، غیر مصدقہ خبروں یا انٹیلی جنس رپورٹس پر کان نہ دھریں۔انہوںنے الیکشن 2024، سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ویڈیو پیغام میں کہا کہ حاکمیت صرف اللہ تعالی کی، انتخابی عمل کے ذریعے سیاسی نمائندوں کو منتخب کرنا عوام کا اختیار ہے، پنجاب پولیس 8فروری کے جنرل الیکشن 2014کے پر امن انعقاد کیلئے پوری طرح تیار ہے، حالیہ انتخابات کے لئے گذشتہ سے 26ہزار زائد،01لاکھ 30ہزار نفری لگائی جارہی ہے، سپیشل پروٹیکشن یونٹ، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ٹریننگ اداروں سے نفری لے کر الیکشن سکیورٹی ڈیوٹی پر لگا رہے ہیں، 10ہزار سے زائد خواتین پولیس اہلکاروں کو الیکشن ڈیوٹی پر تعینات کیا جارہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ملک کے تمام سکیورٹی اداروں کی کوارڈینیشن سے الیکشن کے پرامن، شفاف انعقاد کے لئے تیار پوری طرح تیار ہیں، لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں سیاسی سرگرمیوں کے دوران الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر من و عن عمل درآمد آمد یقینی بنایا جائے گا، ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش یا کسی بھی غیر قانونی سرگرمی پر بلا تفریق سخت قانونی کاروائی یقینی بنائی جائے گی، ریاستی اداروں سے متعلق قانون کے دائرے سے تجاوز کرتی ہر سرگرمی پر ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی میں تاخیر نہیں کریں گے۔ عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس تمام سیاسی سرگرمیوں کو الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق بہترین سکیورٹی فراہم کر رہی ہے، امن و امان کی فضا تسلی بخش ہے، غیر مصدقہ خبروں یا انٹیلی جنس رپورٹس پر کان نہ دھریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے برس پاکستانی سٹاک مارکیٹ اور کرنسی نے بہترین پوزیشن برقرار رکھی، سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کو روکا گیا، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کو ملک کی حدود سے نکالا گیا، الیکشن کی سیاسی سرگرمی کا آغاز ہوچکا، شہری پر امن و شفاف انتخابات کے انعقاد میں قومی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ دریں اثناءڈی ایس پی سے ایس پی رینک پر ترقی پانے والے افسران کو رینک لگانے کی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوئی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم میاں شکیل احمد تقریب کے مہمان خصوصی تھے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور اے سی ایس ہوم میاں شکیل احمد نے ترقی پانے والے افسران کو ایس پی عہدے کے رینک لگائے، ایس پی پروموٹ ہونے والوں میں ڈی ایس پیز ناصر نواز، غلام عباس رانا، محمد جاوید اختر جتوئی، وسیم اختر اور اظہر شامل تھے۔