ساہیوال:(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سیدنے کہا ہے صنعتی ترقی کے بغیر ملک سے بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ ناممکن ہے اس لیے صنعتکاروں کو چاہیے وہ نئی صنعتوں کے قیام میں دلچسپی لیں اور حکومت کی طرف سے فراہم کردہ مراعات سے فائد ہ اٹھائیں، ساہیوال چیمبر خطے میں صنعتوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جو لائق تحسین ہے اور انتظامیہ انہیں بھرپور تعاون فراہم کرتی رہے گی، انہوں نے یہ بات ہاکی گراونڈ میں ساہیوال چیمبر کی طرف سے لگائی گئی صنعتی نمائش 2024کے دورے کے موقع پر کہی، ایڈیشنل کمشنر کوارڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر بھی ساتھ تھے۔
نمائش گاہ پہنچنے پر صدر ساہیوال چیمبر میاں کاشف ریاض اور رانا محمد صدیق نے انکا استقبال کیا اور انہیں مختلف سٹالز کا دورہ کرایا، کمشنر نے نمائش میں رکھی گئی اشیاءکے معیار کو سراہا اور کہا نمائش سے نہ صرف مقامی صنعتوں کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ اس سے دوسرے سرمایہ کاروں کو بھی صنعتیں لگانے کی ترغیب ملے گی، انہوں نے ساہیوال آرٹس کونسل کے سٹال کا خصوصی دورہ کیا اور وہاں نوجوانوں کی بنائی گئی پینٹنگز کے معیار کو سراہا۔
بارانی انسٹیٹیوٹ آف سائنسز کے سٹال پر کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے طلبہ و طالبات کی طرف سے لگائے گئے مختلف تعلیمی پراجیکٹس کے سٹالز میں خصوصی دلچسپی لی اور سی ای او میاں ساجد کی تعلیمی خدمات کو سراہا، انہوں نے مقامی صنعت کاروں پر زور دیا کہ وہ تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل ہونے والے نوجوانوں کو اپنے اداروں میں انٹرن شپ بھی آفر کریں تاکہ ان کو عملی تجربہ بھی حاصل ہو سکے ۔
علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے گلستان روڈ پر سیوریج کے مسلسل اوورفلو کا نوٹس لے لیا، کارپوریشن فوری طور پر سیوریج لائن کو کلیئر کرے، سیوریج کے باعث نادرا ایگزیکٹو آفس آنے والے سائلین شدید مشکلات کا شکار ہیں، علامہ اقبال روڈ اور ہائی سٹریٹ کے نئے تعمیر ہونے والے میڈین میں مٹی بھی ڈالی جائے تاکہ موٹرسائیکل سوار کرب سٹون خراب نہ کریں، انہوں نے یہ ہدایات اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی، کمشنر نے شہر میں پسپ پروگرام کے تحت سیوریج لائنز بچھانے کی چینی اور پاکستانی کمپنیوں کی طرف سے کام میں سست روی پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا اور دونوں کمپنیوں کے عدم تعاون بارے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو خط لکھنے کی ہدایت کی، انہوں نے چینی کمپنی کی طرف سے مقامی ٹھیکیداروں کو کیے گئے کام کی عدم ادائیگی بارے بھی تشویش کا اظہار کیا، انہوں نے میونسپل آفیسر فنانس ایم شفیق کی طرف سے میٹنگ میں مسلسل عدم شرکت اور ناقص کارکردگی پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے شوکاز نوٹس جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔
صنعتی ترقی کے بغیر ملک سے بےروزگاری، غربت کا خاتمہ ناممکن ہے،کمشنر ساہیوال



















