پاک ایران کشیدگی کے معاملے پر قومی سلامتی کمیٹی اور وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب

اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدگی کے معاملے پر قومی سلامتی کمیٹی اور وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج دوپہر 2 بجکر 45 منٹ پر ہو گا، اجلاس کی صدارت نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کریں گے، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی،آرمی چیف، نیول اور پاک فضائیہ کے چیف اور خفیہ اداروں کے حکام شریک ہوں گے۔

خصوصی اجلاس میں پاک ایران کشیدگی پر بریفنگ دی جائیگی، قومی سلامتی کمیٹی امن و امان کی صورتحال پر اہم فیصلے بھی کریگی، اس کے علاوہ وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی آج ہو گا جس میں ملک کی موجودہ سلامتی کی صورتحال پر غور کیا جائیگا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے میزائل حملے کا جواب دیتے ہوئے ایرانی صوبہ سیستان و بلوچستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کو مرگ بر سرمچار کا نام دیا گیا تھا، اس دوران پاکستان میں کارروائیاں کرنے والے متعدد دہشت گرد مارے گئے۔