کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات نہیں ہوں گے:پاکستان

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان نے کہاہے کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات نہیں ہونگے،افغان حکومت دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کرے،فضل الرحمن کادورہ کابل نجی، سرکاری نہیں، حکومت فضل الرحمن کے دورہ افغانستان کو سپورٹ نہیں کر رہی،واپسی پر بریفنگ لیں گے، پاکستان کالعدم ٹی ٹی پی سے ڈائیلاگ میں دلچسپی نہیں رکھتا، پاکستان کے اندر کالعدم ٹی ٹی پی نے دہشتگردی کے کئی حملے کیے، ہماری ڈیمانڈ وہی ہیں کہ دہشتگردوں کےخلاف افغانستان کی عبوری حکومت ایکشن لے، پاکستان ڈائیلاگ اور ڈپلومیسی میں یقین رکھتا ہے، افغان وزیر کامرس کے دورے کے دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا، امید ہے ڈائیلاگ کے ذریعے خطے میں امن و استحکام آئے گا۔

ہفتہ وار بریفنگ میںترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ 15 سے 19 جنوری کو سوئٹزرلینڈ کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم وہاں ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کریں گے اور سائیڈ لائنز پر کاروباری حضرات اور حکام سے ملاقاتیں کریں گے، پہلی بار گلوبل ہیلتھ سکیورٹی کانفرنس کا اسلام آباد میں انعقاد ہوا 70 سے زائد وفود نے شرکت کی ہے، نگران وزیر خارجہ نے افتتاحی تقریر میں مستقبل کے وبائی امراض کے خلاف عالمی شراکت داری کی اہمیت پر روشنی ڈالی، کانفرنس کا اختتام اسلام آباد اعلامیے کےساتھ ہوگا۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا پاکستان جنوبی افریقہ کی جانب سے غزہ کے فلسطینی عوام کے حق میں اسرائیل کو عالمی عدالت انصاف میں لے جانے کو سراہتا ہے، پاکستان اس حوالے سے جنوبی افریقہ کی حمایت کرتا ہے، جنوبی افریقہ کے اس قانونی عمل کو بروقت سمجھتے ہیں، پاکستان دوسرے خودمختار ممالک کے تعلقات یا اختلافات پر تبصرہ نہیں کرتا،ترجمان کے مطابق ہم غزہ میں فوری جنگ بندی اور فلسطینیوں کے قتل عام کو رکوانے کا مطالبہ کرتے ہیں، ہم فلسطین کے دو ریاستی حل پر یقین رکھتے ہیں، پاکستان نے کرمان ایران میں دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے،کشمیر پر ترجمان نے کہا 70 برس سے بھارت کشمیریوں کے حق خودارادیت سے انکار کر رہا ہے، ہم نے اجے بساریہ کی کتاب نہیں دیکھی صرف اس پر سوشل میڈیا تبصرے دیکھے ہیں، بھارت پلوامہ واقعہ کو سیاسی مقاصد کےلئے استعمال کرتا رہا، بالاکوٹ بھارت کےلئے ایک ڈراونا خواب ثابت ہوا، پاک فضائیہ نے بھارتی طیارے مار گرائے۔