ساہیوال (بےورو رپورٹ) الیکشن 2024 کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی زیر صدارت کمشنر آفس میں خصوصی جائزہ اجلاس، 8فروری کو منصفانہ اور پرامن انتخابات کرانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت، الیکشن میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ یقینی بنانے کی بھی ہدایت، اجلاس میں آرپی او محبوب رشید، ڈپٹی کمشنر اکرام الحق، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ریجنل الیکشن کمشنرسید باسط علی شاہ، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرمحمد عطر چوہدری،، ڈی ایس پی سٹی رانا افتخار احمداور دوسرے متعلقہ افسران کی شرکت۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ عام انتخابات کو پرامن، شفاف اور غیرجانبدار بنانے کیلئے تمام محکمے ایکدوسرے کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں تاکہ ووٹرز اپنا حق رائے دہی باآسانی اور آزادانہ استعمال کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن مہم کے دوران کوڈ آف کنڈکٹ پر سختی سے عملددرآمد کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سائز کی پینافلیکسز لگانے پر مکمل پابندی عائد ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ٹرانسپورٹیشن اور سیکورٹی پلان بھی جلد تیار کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر آرپی او ساہیوال محبوب رشید نے بتایا کہ پولنگ سٹیشنز پر فول پروف سیکورٹی کے انتظامات ترجیحات میں شامل ہے اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈی آراوز اور آراوز کے ساتھ سیکورٹی کے حوالے سے مسلسل رابطہ رکھا جائیگا۔ ریجنل الیکشن کمشنرسید باسط علی شاہ نے بتایا کہ تمام پولنگ سٹیشنوں پر عام انتخابات کے سلسلہ میں بہترین سہولیات کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پولنگ سٹیشنوں پر تعینات عملہ کی تربیت کا عمل بھی جاری ہے۔علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ شہر کی صفائی کیلئے جاری خصوصی صفائی مہم کو بلا تعطل جاری رکھا جائے اورسینٹری ورکرز کی حوصلہ افزائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ جھال روڈ کی طرف ایل بی ڈی سی نہر پر پڑے کوڑے کرکٹ کو اٹھایا جائے اور مٹی ڈال کر جگہ کو فل کیا جائے۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ،اے سی جنرل علیزہ ریحان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔ پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان نے بتایا شہر میں تمام سڑکوں پر کرب سٹونز لگانے کا کام تیزی سے جاری ہے جسے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ علامہ اقبال روڈ پر کرب سٹونز لگانے کا کام آج مکمل کر لیا جائے گا۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کی ہدایت پر ڈائریکٹرلوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی کے عمل کا جائزہ لیا۔
پرامن اور صاف شفاف انتخابات کیلئے تمام محکمے آپس میں قریبی رابطے رکھیں :کمشنر ساہیوال



















