پاک فوج کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کےلئے پوری طرح تیار ہے،آرمی چیف

راولپنڈی: (بیورورپورٹ)سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے پاک فوج کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کےلئے پوری طرح تیار ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ آپریشنل بیس پر انڈکشن اینڈ آپریشنلائزیشن تقریب کا انعقاد کیا گیا، جنرل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، ایئر بیس پہنچنے پرایئر چیف مارشل نے استقبال کیا، آرمی چیف کی آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

تقریب میں پی اے ایف کے نئے شامل کیے گئے ہتھیاروں کے نظام و دفاعی اثاثوں کی نمائش کی گئی، ایئر چیف نے نئے ویپن سسٹم پر روشنی ڈالی،ایئر چیف مارشل نے کہا نئے ویپن سسٹم سے ملکی فضائی، دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوا، سسٹم میں J-10C لڑاکا طیارے، ایئر موبلٹی پلیٹ فارمز اور جدید ریڈارز شامل کیے گئے ،بغیر پائلٹ کے فضائی نظام، لوئٹرنگ جنگی صلاحیتوں اور لانگ رینج ویکٹرز بھی سسٹم کا حصہ بن گئے، نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے آپریشنلائزیشن سے نئے چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت ملی۔

ایئر چیف نے سائبر و خلائی ٹیکنالوجیز کے ابھرتے ڈومینز میں پیشرفت پر زور دیا،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جدید ہتھیاروں کی نظام میں شمولیت پر پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کیااورخود انحصاری ،انسانی وسائل کی ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔


جنرل سید عاصم منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا مسلح افواج کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کےلئے ہمہ وقت تیار ہیں،فضائیہ کی جدید ٹیکنالوجی کے حصول کی جدوجہد قابل تقلید ہے، پاک فضائیہ خطے میں طاقت کے توازن کو مستحکم کر رہی ہے، فضائیہ میں سٹیٹ آف دی آرٹ ویپن سسٹم کی شمولیت بڑی کامیابی ہے،جنرل سید عاصم نے غزہ متاثرین کےلئے امدادی سامان بھجوانے میں فضائیہ کے اقدامات کو سراہا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے کہا پاک فضائیہ وطن کے دفاع کو یقینی بنانے کےلئے پرعزم ہیں، تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے طیاروں نے خوبصورت ایئر شو پیش کیا، آرمی چیف نے آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔