لاہور (قمر عباس نقوی) پاکستان ریلویز انتظامیہ سیاسی حکمرانوں کی کٹھ پتلی بن چکی، 50 سال گزرنے کے بعد بھی ٹریک کو ڈبل کرنے میں ناکامی کا سامنا، ٹرینوں کے اوقات کار میں بہتری لانے کی منصوبہ بندی کا بھی فقدان، مالی حالات کی خرابی کے چھوٹے ملازمین پر منفی اثرات مرتب، افسران کو سفر کیلئے سیلون کی سہولت، ادارے کی تباہی کی ذمہ دار خود انتظامیہ، انجن سازی کا کارخانہ بھی ضروریات کو پورا کرنے میں ناکام ہوچکا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز کے خراب مالی حالات میں کلیدی کردار سیاسی جماعتوں کا ہے جن کی جانب سے محکمہ کی بہتر کی بجائے سیاسی منصوبہ بندی کو اہمیت دی جارہی ہے جس پر ریلویز انتظامیہ حکمرانوں کے غیر ضروری منصوبہ بندی پر عملدرآمد کرنے کو اہمیت دیتے ہوئے کٹھ پتلی بنے ہوئے ہیں ٹریک میں بہتری لانے کی منصوبہ بندی سیاسی حکمرانوں کی جانب سے زبانی جمع تفریق تک محدود ہیں 50سال قبل انگریز کی جانب سے 843کلو میٹر لودھراں سے کراچی تک ڈبل کیا گیا تھا لیکن لودھروں سے پشاور تک کا ٹریک 804کلو میٹر ٹریک تاحال بچھایا نہیں جا سکا جس کی وجہ سے ٹرینوں کی تاخیر کا مسئلہ حل کرنے میں مشکلات دیکھنے میں آرہی ہیں جبکہ 60کی دھائی میں ایوب خان کے دور میں ٹرینوں کو بروقت منزل تک پہنچانے کی خاطر لاہور سے خانیوال تک ٹرینوں کو بجلی کے ذریعے چلانے کا منصوبہ شروع ہوا جو کہ تکمیل کے کچھ عرصہ بعد ہی ناکامی کا شکار ہو گیا تھا ریلویز انتظامیہ کی جانب سے مسافر اور گڈز ٹرینوں میں بہتری لانے کی خاطر سیاسی شخصیات کے منصوبہ جات پر انحصار کیا گیا جو کہ ناکامی کے سوا محکمہ کو کچھ نہیں دے سکا انجنوں کی کمی کا مسئلہ حل کرنے کی خاطر رسال پور میں انجن سازی کا کارخانہ لگایا گیا تھا اس میں عالمی معیار کے انجن بنائے جا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود پیداواری میں کمی ہے ذرائع کے مطابق ریلویز کو مالی بحران اور تباہی حالی تک پہنچانے میں ریلویز افسران اور ملازمین بھی ذمہ دار ہیں محکمہ کے خراب مالی حالات کے تمام تر منفی اثرات ملازمین تک ہیں جس میں ان کی تنخواہ اور پنشنرز کو ادائیگی میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ افسران کو خراب مالی حالات کے باوجود سفر کیلئے سیلون کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے جس سے محکمہ کو مزید مالی نقصان پہنچ رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر سیلون کو عام مسافر کے لئے فراہم کیا جائے تو اس سے کافی مالی فائدہ حاصل ہو سکتا ہے جبکہ متعدد روٹس کی منافع بخش ٹرین نجی کمپنیوں اور نقصان پہنچانے والی محکمہ کے سپرد کرنے کا سیاسی منصوبہ بھی ریلویز کی تباہی کا باعث بنا ہوا ہے۔
حکمرانوں کی کٹھ پتلی ریلوے انتظامیہ 50 سال بعد بھی ٹریک کو ڈبل کرنے میں ناکام



















