دس سالہ نااہلی کی بحالی: نیب کو عدالت سے فوری ریلیف نہ مل سکا

اسلام آباد (مشرق نیوز) نیب سے سزا یافتہ افراد کی 10 سالہ نااہلی کے معاملے پر نیب کو عدالت سے فوری طور پر کوئی ریلیف نہ مل سکا۔ نیب نے سزا یافتہ افراد کی 10 سالہ نااہلی کم کرکے 5 سال کرنے کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کررکھی ہے جسے عدالت نے 4 جنوری کو سماعت کیلئے مقرر کیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ثمن رفعت نے نیب کی مرکزی اپیل پر سماعت کی جس سلسلے میں سینئر سپیشل پراسیکیوٹر نیب محمد رافع عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ فائق علی جمالی کے خلاف بلوچستان میں 9 ریفرنسز میں فیصلہ ہوا اور الیکشن کمیشن کے معاملات میں سنگل بینچ کا فیصلہ پیش کیا جارہا ہے۔

عدالت نے سوال کیا کہ آپ نے متفرق درخواست کیوں دائر کی؟ اس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی پر اپیل دائرکرنے کی کل آخری تاریخ ہے۔ نیب پراسیکیوٹر کے موقف پر عدالت نے کہا کہ یہ ہمارا مسئلہ نہیں ہے، پرسوں مرکزی اپیل کے ساتھ یہ متفرق درخواست سنیں گے پھر دیکھیں گے۔ بعد ازاں عدالت نے درخواست پر مزید سماعت 4 جنوری تک ملتوری کردی۔