پاکستان خطے کی مظلوم آبادی کی اخلاقی، سفارتی ،سیاسی حمایت جاری رکھے گا،مشعال ملک
اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کہا ہے بھارتی عدلیہ پر بی جے پی اور آر ایس ایس کے نظریات کے اثرو رسوخ کی جھلک نمایاں ہے ، سال کا اختتام دنیا کے سامنے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال جیسے دو سنگین چیلنجوں کے ساتھ ہونے جارہا ہے۔
مشعال ملک نے کہا فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے عوام حق خودارادیت کے حصول کےلئے قابض افواج کی بربریت کو برداشت کر رہے ہیں، عالمی برادری بڑھتے ہوئے مظالم پر توجہ دے، پاکستان خطے کی مظلوم آبادی کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ وہ کشمیر ایڈوائزری کمیٹی کے افتتاحی مشاورتی اجلاس کے شرکاءسے گفتگو کررہی تھیں۔



















