عوام ملکی ترقی وخوشحالی میں رکاوٹ بننے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے :جاوید لطیف

فیروزوٹواں(نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) پاکستانی عوام کے جمہوری حقوق کے تحفظ کی جدوجہد کررہی ہے۔ ملک میں شفاف و غیر جانبدار انہ عام انتخابات ناگزیر ہیں تاکہ عوام کی حقیقی منتخب قیادت اقتدار سنبھال کر ملک وقوم کی ترقی اور معاشی مسائل کے فیصلے کرسکے اور اس کے ساتھ پاکستان کو لاحق مسائل کا خاتمہ ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار رہنما مسلم لیگ (ن) سابقہ وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے ایک تقریب کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں عوام ملک کی ترقی وخوشحالی میں رکاوٹ بننے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔ ملک میں جب بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا الیکشن پوری تیاری کے ساتھ لڑیں گے اور کلین سویپ کریں گے اور ملک کو امن خوشحالی کو گہوارہ بنائیں گے۔ میاں نواز شریف عوام کی محرومیوں کو دور اور عوام کی خدمت کرنے کا عزم رکھتے ہیں، ملک میں نئے دور کا آغاز ہوگا۔ میاں نواز شریف ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں جو قوم کی رہنمائی اور ملکی ترقی خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر کریں گے۔