اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور(بیورورپورٹ،خبر نگار)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان کی حکم امتناع درخواست منظور ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس کاٹرائل روکدیا اور9گواہوں کے بیانات کو خلاف قانون قرار دےدیا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سائفر ان کیمرا ٹرائل کےخلاف درخواست پر سماعت کی،جسٹس میاں گل حسن نے سوال کیا آپ کا نکتہ کیا ہے؟ وکیل عثمان گل نے کہا نکتہ ہے فرد جرم سے پہلے قانونی طریقہ کار مکمل نہیں کیا گیا، جج نے جس نوٹیفکیشن کا حوالہ دیا وہ یکم دسمبر کا ہے اور سائفر ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر چل رہا ہے،عدالت نے سوال کیا اب تک کتنے گواہوں کے بیانات مکمل ہو چکے؟ وکیل نے کہا27 میں سے 25 کے بیانات اور 3کی جرح مکمل ہوئی ۔
عدالت نے سائفر کیس میں فرد جرم عائد کرنے کےخلاف درخواست پر وفاق کو نوٹس جاری کردیا اور عمران خان کے وکیل کو ہدایت کی آئندہ سماعت پر تمام ضروری دستاویزات جمع کرائیں،دوران سماعت عدالت نے ان کیمرا ٹرائل پر بھی سوالات اٹھائے اور کہا اوپن ٹرائل کا مطلب اوپن ہوتا ہے ،میڈیا ،پبلک کو آنے کی اجازت ہوتی ہے،عدالت واضح احکامات دے چکی جیل ٹرائل کا مطلب ان کیمرا نہیں ہوتا بلکہ اوپن بھی ہوسکتا ہے صرف فیملی و چند لوگوں کےساتھ اوپن ٹرائل نہیں کہا جاسکتا،عدالت نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے سائفر ٹرائل 11 جنوری تک روک دیا،عدالت نے کہاگواہوں کے قلمبند بیانات پر قانونی سوالات ہیں ،11 جنوری کو جائزہ لیں گے۔
بعدازاںاسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کرکے 9 گواہو ںکے بیانات کو خلاف قانون قرار دےدیا،تحریری فیصلے میں کہا گیا اٹارنی جنرل نے بتایا 21 دسمبر تک ان کیمرہ ٹرائل میں 13 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کئے گئے، 13 میں سے 4 گواہ دفتر خارجہ کے سائفر سکیورٹی سسٹم سے منسلک ہیں،اٹارنی جنرل نے مزیدبتایا سائبر سکیورٹی سسٹم سے منسلک 4 گواہوں کے بیانات خفیہ ریکارڈ کرنا ملکی سلامتی کےلئے اہم ہے،عدالت سمجھتی ہے بقیہ 9 گواہوں کے ان کیمرہ بیانات قانون کے مطابق نہیں ،جائزہ لینا ضروری ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا اٹارنی جنرل کے مطابق 21 دسمبر کے بعد اوپن ٹرائل میں 12 گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہوئے، محض پراسیکیوشن کی درخواست پر اوپن ٹرائل کو ان کیمرہ نہیں کیا جا سکتا، ان کیمرہ ٹرائل میں 9 گواہوںکے بیانات دوبارہ ریکارڈ کرنے کو حتمی فیصلے میں دیکھا جائےگا،سائفر ٹرائل میں خصوصی عدالت نے گواہوں کے بیانات کی مصدقہ کاپیز جاری کیں، عدالت مصدقہ کاپیز سے جائزہ لے گی ریاست کو کوئی نقصان پہنچ سکتا ہے یا نہیں۔
دریں اثنا احتساب عدالت اسلام آباد نے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان ،بشریٰ پر فرد جرم عائد کرنے کےلئے 4جنوری کی تاریخ مقرر کردی،جج بشیر نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی،ملزموں کو توشہ خانہ ریفرنس کی نقول و دیگر ضروری دستاویزات فراہم کر دی گئیں ،190 ملین پاو¿نڈ ریفرنس میں ضمانت درخواستوں پر سماعت30 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔
دوسری جانب پولیس نے وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو 9 مئی کے مزید 12 مقدمات میں گرفتار کرلیا ،عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرکے جیل بھیج دیا۔
جوڈیشل کمپلیکس میں ڈیوٹی ایڈیشنل اینڈ سیشن جج سید جہانگیر علی نے جسمانی ریمانڈ درخواست پر سماعت کی، پولیس نے سابق وزیر خارجہ کو ہتھکڑیاں لگا کر پیش کیا،کمرہ عدالت میں شاہ محمود قریشی نے ڈیوٹی مجسٹریٹ سے استدعا کی بیان ریکارڈ کرانا چاہتا ہوں،مجھے سپریم کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سمیت 3 جسٹس صاحبان نے ضمانت دی، رہائی کی روبکار جاری ہوتے ہی تھری ایم پی او جاری کردیا گیا،پی ٹی آئی رہنمانے استفسار کیا میں کیسے عوام کےلئے خطرہ ہوں؟۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کئی ماہ سے اڈیالہ جیل میں قید ہوں، مجھے ایک رات آکر کہا گیا تھری ایم پی او واپس لیتے ہیں، 26 تاریخ کو تھری ایم پی او کا آرڈر دیا پھر واپس لے لیا ، ہاتھ سے 26 تاریخ کاٹ کر 27 کر دیا گیا،مجھے غیرقانونی طور پر قید رکھا ،جیل کی حدود میں تھا پنجاب پولیس گرفتار کرنے پہنچی، 5 بار رکن پارلیمنٹ رہ چکا ہوں، ایس ایچ او جمال نے مجھے مکے، لاتیں ماریں، گالیاں دیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہاسینے میں تکلیف ہوئی تو گھنٹوں تک ایس پی سے درخواست کی ہسپتال لے جاو¿، منتیں کیں مجھے سینے میں تکلیف ہے لیکن ڈاکٹر کے پاس نہ لےجایا گیا، ایک ڈاکٹر کو بلایا جس کے پاس محض بلڈ پریشر دیکھنے کی مشین تھی،حلف دیتا ہوں 9 مئی کو پنجاب نہیں بلکہ کراچی میں تھا، میری بیوی آغا خان ہسپتال میں تھی جس کے پاس موجود تھا، پیمرا سے ریکارڈ منگوا لیں
شاہ محمود قریشی نے کہامجھ سے بیان لینا چاہا لیکن میں نے وکلا کے سامنے بیان دینے کا فیصلہ کیا، رات ٹھنڈے کمرے میں رکھ کرسونے نہیں دیا گیا،لائٹس بند کر کے موم بتی جلا دی گئی،لائٹیں جلا کر بار بار جگایا ، شور مچایا گیا،جسمانی و ذہنی طور پر ٹارچر ،تشدد کیا گیا، میں نے پاکستان کی نمائندگی کی، ہر جگہ پاکستان کی صفائیاں دیں اب میرے ساتھ ایسا سلوک کیا جا رہا ہے ،کئی ماہ سے جیل میں ہوں، کیا یہ انصاف ہے مجھ پر تشدد ہوا، اوپر اللہ نیچے آپ کا قلم ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے جج سے مکالمہ کیا میں نے تقریر میں کہا قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا، کسی کی دہلیز عبور نہیں کرنی، فیملیز کے ہمراہ پرامن احتجاج کریں،بہت ذمہ دار آدمی نے مجھے کہا چھانٹ کر دیکھا آپ صاف ہیں، آپ کو اکیلے میں بتاسکتا ہوں کس طاقتو ر ترین شخص نے کہا آپ کا 9 مئی میں کردارنہیں، وہ شخص پورے نظام کے کرتا دھرتا ہیں جنہوں نے کہا آپ 9 مئی میں ملوث نہیں، میرا پورا بیان سامنے لایا جائے جو یہاں ہے۔
سماعت کے دوران شاہ محمود قریشی کے وکیل کی ہتھکڑیاں کھولنے کی درخواست پر عدالت نے ہتھکڑیاں کھولنے کا حکم دیا، وکیل علی بخاری نے مقدمے سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے دلائل دئیے مجھے قوانین کا مکمل طور پر ادراک ہے، میرے موکل کو آپ کے ہوتے ہوئے ہتھکڑی نہیں لگائی جا سکتی، موکل کی پراسیکیوشن کےخلاف صرف ایک ٹوئٹ ہے،پراسیکیوشن ٹیم نے مکمل تفتیش کےلئے 30 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا شاہ محمود قریشی نے عوام کو احتجاج کےلئے اکسایا،وکیل صفائی نے کہا شاہ محمود قریشی کو ڈسچارج کیا جائے، جسمانی ریمانڈ کا کوئی جواز نہیں ،جھوٹا انتقامی کیس ہے، چالان بھی پیش ہوگیا تو جسمانی ریمانڈ کیسے دیا جائے، پورے چالان میں شاہ محمود قریشی کا نام نہیں۔
علاوہ ازیں 7 تھانوں کے ایس ایچ اوز بھی عدالت پہنچے اور تمام نے شاہ محمود قریشی کی مزید 12 مقدمات میں گرفتاری ڈالتے ہوئے جی ایچ کیو، آرمی میوزیم ، حساس ادارہ دفتر حملہ ، میٹرو بس سٹیشن جلانے سمیت 12مقدمات میں ملزم نامزد کرتے ہوئے جسمانی ریمانڈ مانگ لیا،پولیس نے موقف اختیار کیاتمام مقدمات میں ایک ساتھ تفتیش کی اجازت دی جائے،عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر سانحہ 9 مئی کے تمام مقدمات میں شاہ محمود قریشی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔
ادھر شاہ محمود قریشی کی بیٹی و سابق ممبر قومی اسمبلی مہر بانو قریشی نے کہا جس انداز میں میرے والد کو لے کر گئے افسوسناک حرکت تھی ، تھانے میں سابق وزیر خارجہ کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، کسی لاڈلے کی تاج پوشی میں حماقتیں نہ کریں،نگران حکومت کے روئیے سے پاکستان کا نقصان ہو رہا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی ترجمان نے کہاہے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو دوران حراست تشدد ، جسمانی و نفسیاتی اذیت کا نشانہ بنانا قابل مذمت ہے ،غیرآئینی، غیرقانونی، غیر نمائندہ اور زائدالمیعاد نگران حکومت کی وحشت و بربریت پر سخت تشویش ہے ،شاہ محمود قریشی پر جسمانی و نفسیاتی تشدد کے ذمہ داروں کا کڑا محاسبہ کیا جائے،آئی جی ، آئی جی جیل خانہ جات، چیف سیکرٹری ، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور تشدد میں ملوث پولیس اہلکاروں کےخلاف مقدمات درج کئے جائیں۔
ترجمان نے کہا عوام کے منتخب سول نمائندوں سے بلاروک ٹوک بدسلوکی جمہور کی کھلی توہین ،پاکستان کو طبقاتی کشمکش میں دھکیلنے کی مکروہ سازش ہے،بانی چیئرمین کے ویژن و تعلیم و تربیت کی روشنی میں اشتعال کا شکار ہوکر قانون تو ہاتھ میں نہیں لیں گے مگر اپنے قائدین، کارکنوں اور شہریوں سے روا رکھے جانےوالے ظلم کو ہرگز نہیں بھولیں گے۔
ہائیکورٹ نے سائفر کیس کاٹرائل روکدیا،قریشی مزید 12مقدمات میں گرفتار



















