ساہیوال:(بےورورپورٹ)ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا، شعبہ امراض چشم میں 3 مستحق نابینا مریضوں کو بینائی کی نعمت لوٹا دی گئی،نابینا مریض جو آنکھوں کے کورنیا کی خرابی کی وجہ سے دیکھنے سے قاصر تھے انہیں قورنیا ٹرانسپلانٹ کے ذریعے بینائی جیسی نعمت لوٹا دی گئی۔
اس موقع پر سربراہ امراض چشم یونٹ 2 اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر رضوان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا شعبہ امراض چشم پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی سے باضابطہ طور پر کارنیا ٹرانسپلانٹ کےلئے منظور ہے اور اسی ضمن میں 3 مستحق مریضوں کو بلکل مفت سہولت میسر کی گئی ہے جو عام طور پر 10 سے 12لاکھ روپے مالیت کا آپریشن ہے۔
ڈاکٹر رضوان نے خصوصی طور پر پرنسپل نشتر میڈیکل کالج ملتان پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راو کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنکی کاوشوں اور بھرپور معاونت سے امریکہ سے عطیہ کیے ہوئے کارنیا بروقت اور با حفاظت ساہیوال پہنچے اور یہ آپریشنز ممکن ہو سکے۔ڈاکٹر رضوان نے مزید کہا ساہیوال اور اسکی مضافات کےلئے یہ ایک تازہ ہوا کا جھونکا ہے کیوں کہ اس سہولت کی بدولت وہ افراد جو اپنی بصارت کے حوالے سے نا امید ہوچکے ہیں وہ بھی اپنی بینائی واپس پا سکتے ہیں، انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ عوامی خدمت کا عمل پورے زور و شور سے جاری رکھا جائیگا اور ان آپریشنز کو مستقل بنیادوں پر کیا جائیگا تا کہ زیادہ سے زیادہ دکھی انسانیت اس سے مستفید ہو سکے۔انہوں نے عوام الناس سے اپیل بھی کی کہ وہ اپنے عزیز و اقارب اور دوستوں میں جو کوئی بھی کورنیا کی بیماری کی وجہ سے بینائی سے محروم ہے تو وہ ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے شبہ امراضِ چشم میں رجوع کریں اور اپنی رجسٹریشن کروائیں۔ انہوں نے پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر عمران حسن خان اور ایم ایس ڈاکٹر اختر محبوب کی خدمات کو بھی سرا ہا۔
ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال:3 مستحق نابینا مریضوں کو بینائی کی نعمت لوٹا دی گئی



















