ایک شخص کے پاس طاقت ہونا تباہ کن،پارلیمنٹ سپریم کورٹ کو ریگولیٹ کرسکتی ہے، پریکٹس ایکٹ کا تفصیلی فیصلہ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پارلیمنٹ سپریم کورٹ کو ریگولیٹ کرنے کا اختیار رکھتی ہے، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا گیا۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کا 22 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ تحریر کیا۔

فیصلے میں کہا گیا پارلیمنٹ سپریم کورٹ کو ریگولیٹ کرنے کا اختیار رکھتی ہے، پارلیمنٹ کے بنائے گئے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ میں کسی طور بھی آئینی خلاف ورزی نہیں کی گئی۔ ایکٹ کی ہر شق کا انتہائی احتیاط کے ساتھ جائزہ لیا، ایکٹ کے ذریعے پارلیمنٹ نے سپریم کورٹ کو نیچا دکھایا نہ ہی عدلیہ کی خودمختاری متاثر بلکہ عدلیہ مضبوط اور زیادہ خودمختار ہوئی، انصاف تک رسائی میں آسانی آئی، آئین پارلیمنٹ کو قانون سازی کا مکمل اختیار دیتا ہے، آرٹیکل 184/3 کے فیصلے کےخلاف اپیل کا حق دینے کی قانونی شق پر 6 ججز نے اختلاف کیا، 6 کے مقابلے میں 9 کی اکثریت سے قانون بننے کے بعد اپیل کا حق آئینی قرار دیا جاتا ہے۔

تفصیلی فیصلے میں لکھا گیا اپیل کا اطلاق ماضی کے کیسوں پر دینے والی شق کو کالعدم قرار دیا جاتا ہے، اپیل کا حق ماضی سے دینے کی قانونی شق کی 8 ججوں نے مخالفت کی، ایکٹ سے کسی طرح کے بنیادی حقوق متاثر نہیں ہوتے، انصاف تک رسائی و بنیادی حقوق کو یقینی بناتا ہے، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کےخلاف درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں۔

سپریم کورٹ نے کہا اداروں کے درمیان باہمی احترام کے آئینی تقاضے ہیں، باہمی احترام کا تقاضا ہے سپریم کورٹ پارلیمنٹ کی رائے کو اپنی رائے سے تبدیل نہ کرے، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ آئین ،عدلیہ کی آزادی کے منافی نہیں ،شفافیت، انصاف تک رسائی میں مدد ملے گی، چیف جسٹس ،2 سینئر ججوں پر مشتمل کمیٹی سے عدلیہ زیادہ بااختیار ہوگی، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے تحت آرٹیکل 184/3 کے مقدمات میں اپیل کا حق دیا گیا ، فیصلے کےخلاف اپیل کا حق دنیا بھر کے قوانین کےساتھ شرعی تقاضہ بھی ہے، درخواست گزاروں کے دیگر نکات پر غور کرنا اکیڈمک بحث ہوگی جس میں عدالت کو نہیں پڑنا چاہیے۔

فیصلے میں لکھا گیا پریکٹس اینڈ پروسیجر کے قانون بننے سے پہلے ہی عدالت نے حکم امتناع جاری کردیا جبکہ آئین سپریم کورٹ کو لامحدود اختیارات نہیں دیتا، آئین چیف جسٹس کو اکیلے ہی فیصلے کرنے کا کوئی اختیار نہیں دیتا، چیف جسٹس کا ماسٹر آف روسٹرز ہونا آئین میں کہیں نہیں لکھا، جمہوریت کی بنیاد پر قائم آئین میں ماسٹر کا لفظ تضحیک آمیز ہے، ماسٹر کا لفظ غلامی کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے جو آئین و شرعی اصولوں کےخلاف ہے، شرعی اصول بھی ایک سے زائد افراد کے درمیان معاملے میں مشاورت لازمی قرار دیتے ہیں، اپنی رائے دوسروں پر مسلط کرنا دراصل دوسروں کو اہمیت نہ دینے کے مترادف ہے۔

سپریم کورٹ نے کہاعدلیہ کی ساکھ متاثر ہونے سے ملک ،عوام کو ہمیشہ نقصان ہوتا ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ دیگر عدالتوں پر لاگو ہوتا ہے مگر خود سپریم کورٹ پر نہیں، سپریم کورٹ کے لارجر بنچ کے فیصلے کو چھوٹے بنچز کے فیصلوں پر فوقیت دی جاتی ہے، آئینی روایات کو قانون کی طرز پر لاگو نہیں کیا جاسکتا،تاریخ گواہ ہے طاقت ایک شخص کے پاس ہو تو تباہ کن نتائج مرتب ہوتے ہیں، ایک شخص کی طاقت کے استعمال سے ہونےوالی تباہی کا شکار عدلیہ ،پاکستانی عوام ہوئے، ایک شخص کے طاقت کے استعمال سے عدلیہ کی سالمیت ،وقار کو مجروح کیا جاتا رہا، ایک شخص کے ہاتھوں طاقت کا استعمال جاری رہا تو عدلیہ پر عوام کا اعتماد ختم ہوجائےگا، عدلیہ پر عوامی اعتماد ختم ہونے سے عدالتی فیصلے صرف بے وقعت ،بے وقار کاغذ کا ٹکڑا بن جائیں گے۔

فیصلے میں کہا گیا سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں بنچ نے 8جون کو کہا کیس جولائی میں سماعت کیلئے مقرر ہو گا، جولائی ،اگست 2ماہ تک کیس سماعت کیلئے مقرر ہی نہ ہو سکا۔ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف دائر کی گئی درخواستوں پر رجسٹرار آفس نے اعتراض لگایا، 8رکنی بنچ نے کیس سنا لیکن رجسٹرار آفس کے اعتراضات کا معاملہ زیر غور ہی نہیں لایا گیا، آئین نے چیف جسٹس کو فرد واحد کی حیثیت سے حق نہیں دیا اکیلے فیصلہ کرے،آئین کے تحت سپریم کورٹ کو 7اختیارات دیئے گئے ، شفاف ٹرائل کے اصول کے تحت عدالتیں آئین و قانون کے تحت فیصلے کرنے کی پابند ہیں، ہر جج حلف کے تحت قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا پابند ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تحریر کیا سپریم کورٹ چیف جسٹس و دیگر ججوں پر مشتمل ہے، آئین چیف جسٹس کو یکطرفہ مقدمات کے فیصلے کرنے کا اختیار نہیں دیتا، چیف جسٹس اپنی دانش آئین کا متبادل نہیں ہوسکتی نہ ہی چیف جسٹس اپنی رائے دیگر ججوں پر تھوپ سکتے ہیں، اسلام اور پوری دنیا میں کسی فیصلے کیخلاف اپیل کا حق حاصل ہوتا ہے۔