راولپنڈی (بیورورپورٹ)پولیس نے سابق وفاقی وزیر ورہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل سے رہائی کے فوری بعدجی ایچ کیو حملہ کیس میں گرفتار کرلیا، پنجاب پولیس کی بھاری نفری اڈیالہ جیل پہنچی اور شاہ محمود قریشی کونامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی کےخلاف جی ایچ کیو پر حملے کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج ہے،جلد انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ لیا جائے گا،قبل ازیںڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے شاہ محمود قریشی کے نظر بندی احکامات منسوخ کیے،نظر بندی احکامات ختم ہونے پر جیل سے رہائی کے بعد گرفتار کیا گیا۔
اس موقع پر بکتر بند گاڑی پر کھڑے ہوکر خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا مجھے سپریم کورٹ نے ضمانت پر رہا کیا لیکن دوبارہ گرفتاری ظلم ہے، مجھے قوم کی خدمت کرنے پر سزا دی جا رہی ہے،عدالتی حکم کا مذاق بنادیاگیا،بے گناہ ہوں، سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے،پی ٹی آئی رہنمادوڑاتے ہوئے بکتر بند تک لے جانے پر برہم ہوگئے اور پولیس اہل کاروں کو ڈانٹ پلا دی۔
ادھر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے ردعمل دیتے ہوئے کہا شاہ محمود قریشی پارٹی کے اہم رکن ہیں ،گرفتاری کا معاملہ سپریم کورٹ کو دیکھنا چاہیے، الیکشن فری اینڈ فیئر ہونے کےلئے ضروری ہے گرفتاریاں نہ کی جائیں۔
دوسری جانب شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہر بانو نے والد کےساتھ ناروا سلوک و گرفتاری کیخلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی،مہر بانو نے کہا شاہ محمود قریشی کو غیر قانونی طور پر پابند سلاسل کیا گیا ،نہیں پتہ کہاں لیجایا گیا ،والد کو اغوا کیا گیا ،بدتر سلوک صاف شفاف اقدامات کو متاثر کر رہا ہے،چیف الیکشن کمشنر معاملے پر ایکشن لیں۔
قریشی اڈیالہ جیل سے رہائی کے فوری بعدجی ایچ کیو حملہ کیس میں گرفتار



















