پولیو مہم کی کامیابی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائینگے،ڈپٹی کمشنر نارووال

نارووال(بیورورپورٹ)ڈسٹرکٹ پولیوریڈی کیشن کااجلاس ہوا ،سی ای اوہیلتھ ڈاکٹرنویدحیدر اورڈی ایچ او ڈاکٹرطارق نے ڈی سی کوبتایاسال2024 کی پہلی انسداد پولیو مہم8سے 12جنوری تک جاری رہے گی ،ضلع بھرمیں 5سال تک کی عمر کے3لاکھ 70ہزار912بچوں کو ویکسین کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے ،مجموعی طور پرایک ہزار292ٹیمیں ڈیوٹی انجام دیں گی۔

ڈپٹی کمشنرسیدحسن رضانے اس موقع پرافسروں کوہدایت کی ضلع میں انسداد پولیو کی آئندہ مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کیلئے تمام تردستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اس ضمن میں مائیکروپلان کے مطابق عملدرآمد کیا جائے تاکہ گزشتہ کمزوریوں وخامیوں کا سو فیصد ازالہ ہوسکے۔

سیدحسن رضانے واضح کیا پولیو کا ہرراونڈ اہمیت کا حامل ہے لہٰذا متعلقہ سٹاف اپنی ذمہ داریاں کماحقہ پوری کریں اوردوران مہم والدین کی آگاہی کےلئے تمام تر تشہیری ذرائع بروئے کار لائے جائیں تاکہ احساس ذمہ داری برقرار رہے،تحصیلوں میں بھی انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں جذبے سے فرائض انجام دیئے جائیں ،معمولی سی بھی غفلت نہیں ہونی چاہیے۔